دبئی کی رئیل سٹیٹ مارکیٹ نے 2024 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا

106
دبئی کی رئیل سٹیٹ مارکیٹ نے 2024 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا

دبئی۔3جنوری (اے پی پی):دبئی کی رئیل سٹیٹ مارکیٹ نے 2024 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا،گزشتہ سال رئیل سٹیٹ سیکٹر میں 522.1 بلین درہم مالیت کی ریکارڈ ٹرانزیکشنز کی گئیں ۔امارات نیوز ایجنسی(وام)کے مطابق دبئی کی رئیل اسٹیٹ مارکیٹ نے 2024 میں ایک شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جس میں کل 180,900 ٹرانزیکشنز ریکارڈ کی گئیں، جن کی مجموعی مالیت 522.1 بلین درہم تک پہنچ گئی، یہ ایک نیا تاریخی سنگ میل ہے۔

’فیم‘پراپرٹیز کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق، 2024 میں گزشتہ سال کے مقابلے میں ٹرانزیکشنز اور مالیت میں بالترتیب 36 فیصد اور 27 فیصد اضافہ ہوا۔ 2023 میں 133,100 ٹرانزیکشنز 411.1 بلین درہم کی مالیت پر مکمل ہوئی تھیں۔پرائمری مارکیٹ میں ڈویلپرز سے پہلی بار کی جانے والی فروخت میں سالانہ 30 فیصد اضافہ ہوا، جو 334.1 بلین درہم تک پہنچ گئی۔ 2024 میں 51 فیصد اضافے کے ساتھ 119,800 ٹرانزیکشنز ہوئیں، جو خریداروں کے اعتماد اور ڈویلپرز کی سرگرمیوں میں اضافے کی عکاسی کرتی ہیں۔

اس دوران فی مربع فٹ کی اوسط قیمت میں 10 فیصد اضافہ ہوا، جو درہم 1,600 تک پہنچ گئی۔ثانوی مارکیٹ میں بھی مستحکم ترقی دیکھنے کو ملی، جہاں ری سیلز کی مالیت میں 21 فیصد اضافہ ہوا، جو 188.1 بلین درہم تک پہنچ گئی، جبکہ ٹرانزیکشنز کا حجم 14 فیصد اضافے کے ساتھ 61,100 ہو گیا۔ فی مربع فٹ کی اوسط قیمت میں 12 فیصد اضافہ ہوا، جو درہم 1,300 تک پہنچ گئی۔اہم شعبہ جات میں اپارٹمنٹ سیلز نے سالانہ 42 فیصد اضافے کے ساتھ 141,168 ٹرانزیکشنز ریکارڈ کیں، جن کی مالیت 260.6 بلین درہم تھی۔

وِلا سیلز 21.1 فیصد اضافے کے ساتھ 30,938 یونٹس پر مشتمل رہیں، جن کی مالیت 164.1 بلین درہم تھی۔ کمرشل پراپرٹیز میں 10.1 فیصد اضافے کے ساتھ 4,304 یونٹس 9.7 بلین درہم میں فروخت ہوئیں، جبکہ پلاٹس کی فروخت 2.6 فیصد اضافے کے ساتھ 4,352 پلاٹس، 86.5 بلین درہم کی مالیت پر مکمل ہوئیں۔

البرشا ساؤتھ 4 نے سب سے زیادہ 12,878 پرائمری سیلز ریکارڈ کیں، جبکہ بزنس بے نے 6,888 ٹرانزیکشنز کے ساتھ 21.1 بلین درہم کی مالیت حاصل کی۔ مدینہ المطیر اور وادی الصفا 5 جیسے ابھرتے ہوئے علاقوں میں سبربن طرزِ زندگی اور مربوط کمیونٹیز کی بڑھتی ہوئی مانگ دیکھنے کو ملی۔\