دبئی۔31اکتوبر (اے پی پی):آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2021میں نیوزی لینڈ نے سپر 12 کے اہم میچ میں بھارت کو 8 وکٹوں سے ذلت آمیز شکست دے کر ٹورنامنٹ میں پہلی کامیابی حاصل کر لی،متواتر دوسری شکست کے بعد بھارت کی سیمی فائنل تک رسائی مشکل ہو گئی ہے، کوہلی الیون نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کیویز کو 111 رنز کا ہدف دیا جو انہوں نے بآسانی 15 ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ ڈیرل مچل نے 49 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ ٹرینٹ بولٹ اور ایش سودھی نے شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کپتان ویرات کوہلی، روہیت شرما، ایشان کشن، ریشابھ پنٹ کو جلد آئوٹ کر کے نیوزی لینڈ کی جیت کی بنیاد رکھی۔
ایش سودھی کو میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔ اتوار کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے 28 ویں میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ بھارتی بیٹرز کو کیوی بائولرز نے آغاز سے ہی دبائو میں رکھا اور کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا جس کی وجہ وقفے وفقے سے وکٹیں گرتی رہیں۔ میگا ایونٹ میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے ایشان کشن4 رنز بنا کر ٹرینٹ بولٹ کا شکار بن گئے
جبکہ لوکیش راہول کو18 کے انفرادی سکور پر ٹم سائودی نے پویلین واپس بھیج دیا۔ روہیت شرما اس بار بھی ناکام رہے اور 14 رنز بنانے کے بعد ایش سودھی کی گیند پر مارٹن گپٹل کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے۔ ایش سودھی نے 11 ویں اوور میں کپتان اور صف اول کے بیٹر ویرات کوہلی کو 9 کے انفرادی سکور پر آئوٹ کر کے اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلادی۔ 70 کے مجموعی سکور پر بھارت کو پانچواں نقصان اٹھانا پڑا جب ریشابھ پنٹ12 رنز بنا کر ایڈم ملن کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔
ہارڈیک پانڈیا 23رنز بناکر آئوٹ ہوئے ‘رویندرا جدیجا 26 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے اور بھارتی ٹیم بمشکل 110 رنز کا مجموعہ ترتیب دینے میں کامیاب ہوئی۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے ٹرینٹ بولٹ نے تین اور ایش سودھی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں نیوزی لینڈ نے مطلوبہ ہدف 14.3 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ ڈیرل مچل نے تین چھکوں کی مدد سے 49 رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔ کپتان کین ولیمسن نے ناقابل شکست 33 رنز بنائے جبکہ مارٹن گپٹل 20 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ دونوں وکٹیں جسپریت بمرا نے حاصل کیں۔ ایش سودھی کو میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔