اسلام آباد۔25جنوری (اے پی پی):ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ وزارت خارجہ مراکش میں دخلہ بندرگاہ کے قریب حالیہ کشتی حادثے میں زندہ بچ جانے والے22 پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے مراکشی حکام کے ساتھ رابطہ میں ہے، مکمل تحقیقات اور محتاط تعاون کے بعد ان افراد کو مختلف گروپوں میں پاکستان واپس لایا جائے گا۔ رباط میں پاکستانی سفارت خانہ مراکشی حکام کے ساتھ مل کر امدادی کارروائیوں کی نگرانی اور وطن واپسی کے پیچیدہ طریقہ کار کو حتمی شکل دینے کے لیے کام کر رہا ہے۔
دخلہ میں سفارت خانے کی قونصلر ٹیم نے زندہ بچ جانے والوں کی واپسی کی منصوبہ بندی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ وزارت خارجہ کا کرائسس مینجمنٹ یونٹ (سی ایم یو) صورتحال کی نگرانی، متاثرہ افراد کو ضروری مدد فراہم کرنے مصروف عمل ہے اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ موثر رابطہ برقرار رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی شناخت کی تصدیق اس عمل کا ایک اہم جزو ہے جو وزارت داخلہ اور متعلقہ محکموں کے تعاون سے تیزی سے مکمل کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ وزارت خارجہ موریطانیہ سے 11 پاکستانی شہریوں کی واپسی میں بھی سہولت فراہم کر رہی ہے۔ ان افراد نے رضاکارانہ طور پر وطن واپسی کا انتخاب کیا ہے اور وہ وطن واپسی کے ایک علیحدہ عمل کا حصہ ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود حکومت کی اہم ترجیح ہے اور وہ اس سلسلے میں ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لئے کوششیں جاری رکھے گی۔