درآمدات میں کمی کے باوجودکسٹم ڈیوٹیز کی وصولیوں میں پہلی سہ ماہی کے دوران اضافہ

65
FBR
FBR

اسلام آباد۔10نومبر (اے پی پی):کسٹم ڈیوٹیز کی وصولیوں میں جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں سالانہ بنیادوںپراضافہ ریکارڈکیاگیاہے۔وزارت خزانہ اورایف بی آر کے اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں کسٹم ڈیوٹیز کی مدمیں 252 ارب روپے وصول کئے جوگزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے مقابلہ میں 10 فیصدزیادہ ہے،

گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں کسٹم ڈیوٹیز کی مدمیں 230 ارب روپے موصول ہوئے تھے، گزشتہ مالی سال کی آخری سہ ماہی کے مقابلہ میں جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں کسٹم ڈیوٹیز کی وصولیوں میں سہ ماہی بنیادوںپر8 فیصدکی نموہوئی، گزشتہ مالی سال کی آخری سہ ماہی میں کسٹم ڈیوٹیز کی مدمیں ایف بی آر کو234 ارب روپے موصول ہوئے تھے،

مالی سال 2023 میں کسٹم ڈیوٹیز کی مدمیں مجموعی محاصل کاحجم 935 ارب روپے ریکارڈ کیا گیاتھا۔ واضح رہے کہ درآمدات میں کمی کے باوجودکسٹم ڈیوٹیز کی مدمیں وصولیوں میں اضافہ ہواہے۔ جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ایف بی آر کے مجموعی محاصل میں سالانہ بنیادوں پر25 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔