لاہور۔10فروری (اے پی پی):چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ سینیٹر سید مسرور احسن نے کہا ہے کہ درآمدی روئی کے بقایاجات ادا نہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین ،آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کے نمائندوں سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
سینیٹر سید مسرور احسن نے کہا کہ روئی کی گانٹھوں کو مقامی سطح پر مخصوص مدت میں استعمال کرنے اور تقریبا 2 ارب روپے کے واجبات کی ادائیگی کے معاملے کی شکایت کا ازالہ کیا جائے گا اور بقایا جات کی ادائیگی نہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت صنعت کو درپیش چیلنجز سے بخوبی آگاہ ہے،گورننس کو بہتر بنانے،بدعنوانی کے خاتمے کے لیے سنجیدہ اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ محکموں کی کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں کپاس کی پیداوار کو بڑھانے پر توجہ دے رہی ہے،جس کے لیے سیڈ ریگولیٹری باڈی تشکیل دی گئی ہے۔
اجلاس میں آپٹما کے نمائندوں نے چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ سینیٹر سید مسرور احسن اور وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا،حکومتی ارکان نے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔