اسلام آباد ۔ 13 مارچ (اے پی پی) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ درخت بہتر ماحول کے ضامن ہیں، پارلیمان مہم میں بھر پور ساتھ دے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کوسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور اراکین پارلیمنٹ کے ہمراہ شجرکاری مہم کا آغاز کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ملک کی سلامتی، ترقی و خوشحالی کی دعا بھی کی گئی۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ درخت بہتر ماحول کے ضامن ہیں۔ پارلیمان اس مہم میں بھر پور ساتھ دے گی۔ انہوں نے کہا کہ ارکان پارلیمان نہ صرف بھرپور آگاہی بلکہ سماجی تنظیموں کے ساتھ مل کر شجرکاری میں حصہ لیں۔ موسمی تغیرات پر قابو پانے کیلئے جنگلات کا فروغ انتہائی ضروری ہے۔