تھانہ صدر دریا خان کے علاقے میں جنسی درندگی کے بعد قتل ہونے والی نامعلوم خاتون کے اندھے قتل کا پولیس نے سراغ لگا لیا۔
دریاخان، خاتون کے اندھے قتل کا سراغ لگ گیا

مزید خبریں
دریاخان۔ 04 ستمبر (اے پی پی):تھانہ صدر دریا خان کے علاقے میں جنسی درندگی کے بعد قتل ہونے والی نامعلوم خاتون کے اندھے قتل کا پولیس نے سراغ لگا لیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بھکر شہزاد رفیق اعوان کی ہدایات اور ڈی ایس پی دریا خان محمد زراعت خان کی نگرانی میں پولیس ٹیم نے شب و روز محنت کرتے ہوئے سنگین واردات کو ٹریس کر لیا۔انسپکٹر سجاد خان، سب انسپکٹر عابد حسین خان، ایس ایچ او تھانہ صدر دریا خان ملک محمد بخش اور پولیس ٹیم نے ہیومن انٹیلیجنس، پیشہ ورانہ مہارت اور جدید آئی ٹی ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے نہ صرف مقتولہ کی شناخت کی بلکہ واردات میں ملوث دونوں ملزمان محمد زاہد سکنہ کوٹلہ جام اور خلیل احمد سکنہ چک نمبر 27/TDA کو گرفتار کر لیا۔
دورانِ تفتیش ملزمان نے واردات میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا، جبکہ ملزم محمد زاہد سے قتل کی واردات میں استعمال ہونے والا پسٹل بھی برآمد کر لیا گیا۔پولیس نے ملزمان سے مزید اہم ریکوری کے ساتھ واردات میں استعمال ہونے والا موٹر سائیکل بھی برآمد کر لیا ہے۔ڈی پی او بھکر شہزاد رفیق اعوان نے اندھے قتل کی سنگین واردات کو قلیل مدت میں ٹریس کرنے پر پولیس ٹیم کو شاباش دی اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں کے لیے انعامات کا اعلان کیا ہے۔








