در بدر کی ٹھوکریں اور مایوسی اپوزیشن کا مقدر ہے، اپوزیشن کی احتجاجی تحریک کی پرواہ کئے بغیر پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے حکومت اپنا کام کرتی رہے گی،ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان

65

لاہور۔12جنوری (اے پی پی):در بدر کی ٹھوکریں اور مایوسی اپوزیشن کے مقدر میں ہیں، اپوزیشن کی احتجاجی تحریک کی پرواہ کئے بغیر پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے حکومت اپنا کام کرتی رہے گی،مولانا فضل الرحمان اور پی ڈی ایم کے بیانیے میں تضاد پوری دنیا نے دیکھ لیا جس الیکشن کمیشن کو اپوزیشن والے مانتے نہیں اس کے زیر انتظام ضمنی الیکشن میں حصہ لینے کیلئے بھرپور تیاریاں کر رہے ہیں، فارن فنڈنگ کیس میں تحریک انصاف شفاف دامن کے ساتھ الیکشن کمیشن میں پیش ہو رہی ہے،پی ڈی ایم والے سجدہ ریز ہوں یا ٹکریں ماریں ان کوکچھ نہیں ملے گا،جلسوں میں حکومت کے مورچوں پر فائرنگ کرنے والوں کی آواز بچوں پر تشدد کی روک تھام کیلئے بھی بلند ہونی چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بچوں پر تشدد کی روک تھام کے حوالے سے آگاہی واک میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر یہ آگاہی مہم نا انصافی ،سماجی نا ہمواری اور عدم مساوات کے خلاف شعور اجاگر کرنے کیلئے منعقد کی گئی ہے، وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق اوروزیر اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں دو نہیں ایک پاکستان کے تصور کو حقیقی شکل دینے کیلئے کوششیں کر رہے ہیں، سڑکوں پر بھیک مانگتے ننھے پھول بھی اس قوم کے بچے ہیں، ان بچوں کے بہتر مستقبل کیلئے ہم سب کو مل کر کام کرناہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت پنجاب بچوں کے ساتھ زیادتی اور بھیک منگوانے کے کیسز پر کڑی نگرانی کے ساتھ ساتھ ان بچوں کے بہتر مستقبل کیلئے کوشاں ہے،تحریک انصاف نے معصوم بچوں کو قانونی تحفظ مہیا کیا،گھریلو ملازمین سے متعلق 2019کے قانون میں 15سال سے کم عمر بچوں سے کام کروانا جرم ہے، معاشرتی برائیوں پر قابو پانے کیلئے مغربی اقدار کی بجائے ریاست مدینہ کی تعلیمات کو فروغ دینا انتہائی ضروری ہے۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ریاست مدینہ کی طرز پر وزیر اعظم عمران خان پاکستان میں ایک فلاحی ریاست کی تشکیل کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، وزیر اعظم کا احساس پروگرام انکے دکھی انسانیت سے جڑے احساس کے رشتے کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو حکومت کا بازو بن کر بے سہارا بچوں کی فلاح کے لیے کام کر رہا ہے،نظام تب تک نہیں بدل سکتا جب تک رویے نہ بدلیں، ہماری حکومت نے مسائل کی ان گتھیوں کے سرے کو پکڑ لیا ہے جس کو سلجھا کر ہی دم لیں گے۔آگاہی واک میں چیئر پرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد، وزیر محکمہ انسانی حقوق اعجاز عالم آگسٹن سمیت بورڑ آف گورنرز کے ممبران، ڈی جی چائلڈ پروٹیکشن بیورو، این جی اوز کے نمائندوں،سول سوسائٹی کے افراد اور دیگر نے بھی شرکت کی۔ سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر،ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب اشفاق خان، اے آئی جی پنجاب، ایس پی ڈولفن راشد ہدایت نے بھی مہم میں خصوصی شرکت کی۔ بعد ازاں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سے لاہور کے دورے پر آئے ہوئے گلگت پریس کلب کے وفد نے مقامی ہوٹل میں ملاقات کی۔ سیکریٹری انفارمیشن راجہ جہانگیر انور اور ڈی جی پی آر ڈاکٹر اسلم ڈوگر سمیت محکمے کے افسران بھی موجود تھے۔ معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ گلگت بلتستان کے حالیہ الیکشن میں عوام کو تقسیم کرنے کی اپوزیشن کی چال ناکام ہوئی،سیاسی نابالغوں نے گلگت بلتستان کا الیکشن متنازع بنانے کی کوشش کی ،سی پیک گلگت بلتستان کے لوگوں کی ترقی کی کنجی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پورے پاکستان میں یکساں ترقی کے لیے کوشاں ہیں ،ترقی کے ثمرات سے گلگت بلتستان کے عوام کو بھی مستفید ہو رہے ہیں۔ انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی جانب سے مہمانوں کے اعزاز میں ظہرانے کا بھی اہتمام کیا گیا۔