حیدرآباد۔ 27 دسمبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کی مرکزی ترجمان شازیہ عطا مری نے کہا ہے کہ جب بھی 27 دسمبر آتا ہے تو شہیدبینظیر بھٹو کی جدائی شدت سے محسوس ہوتی ہے،ان کا ہمارے درمیان نہ ہونا ملک اور قوم کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ شہید بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر جاری وڈیو بیان میں شازیہ عطا مری نے کہا کہ شہید بینظیر …
دسمبر ہمیشہ درد اور جدائی کی یاد دلاتا ہے، شازیہ مری

مزید خبریں
حیدرآباد۔ 27 دسمبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کی مرکزی ترجمان شازیہ عطا مری نے کہا ہے کہ جب بھی 27 دسمبر آتا ہے تو شہیدبینظیر بھٹو کی جدائی شدت سے محسوس ہوتی ہے،ان کا ہمارے درمیان نہ ہونا ملک اور قوم کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ شہید بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر جاری وڈیو بیان میں شازیہ عطا مری نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو کی جدوجہد کا اچانک تھم جانا آج بھی دل کو تکلیف دیتا ہے، تاہم ان کی پوری زندگی مختلف چیلنجز، قربانیوں اور جمہوریت کے استحکام کے لیے مسلسل جدوجہد سے عبارت رہی۔
انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ نے بطور بیٹی، بہن، اہلیہ، ماں اور سیاسی قائد ہر کردار کو نہایت احسن انداز میں نبھایا۔ مرکزی ترجمان نے کہا کہ شہیدبینظیر بھٹو کی زندگی اور جدوجہد آج بھی ہم سب کے لیے مشعلِ راہ ہے اور ان کی قربانیاں آنے والی نسلوں کو جمہوریت، آئین اور عوامی حقوق کے تحفظ کا درس دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 27 دسمبر ہمیشہ درد اور تکلیف کی یاد دلاتا ہے، تاہم شہید محترمہ کے مزار پر حاضری دے کر آج بھی کارکنان روحانی طاقت اور حوصلہ حاصل کرتے ہیں۔
شازیہ عطا مری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہیدبینظیر بھٹو کے مشن کو آگے بڑھا رہی ہے اور عوامی خدمت، جمہوریت اور وفاق کی مضبوطی کے لیے ان کے افکار پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہیدبینظیر بھٹو کی اس ملک کے لیے کی گئی کاوشیں الفاظ میں بیان نہیں کی جا سکتیں اور ان کی بدولت عالمی سطح پر پاکستان کا سر فخر سے بلند ہوا۔ انہوں نے کہا کہ بطور پارٹی کارکن، شہید بینظیر بھٹو اور پاکستان پیپلز پارٹی کی وجہ سے ہمیں دنیا بھر میں عزت اور پہچان حاصل ہوئی ہے، اور پارٹی قیادت و کارکنان ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔








