دشمن سازشوں میں مصروف ہے، ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کر کے ملکی سلامتی و استحکام کے لئے کام کرنا ہوگا، طاہر اشرفی

92

لاہور۔21نومبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ لانگ مارچ اور جتھہ بندی سے حکومتیں نہیں گرائی نہیں جاسکتیں،ارشد شریف کے قاتلوں کو تلاش کیا جائے، بغیر شواہد اور ثبوت الزام تراشی مناسب نہیں ہے۔توشہ خانہ سے ہم نے نیک نامی نہیں کمائی،دشمن سازشوں میں مصروف ہے، ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کر کے ملکی سلامتی اور استحکام کے لئے کام کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو جامع منظور الاسلامیہ میں استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

نمائندہ خصوصی نے کہا کہ پاکستان کا استحکام داخلی اور سیاسی استحکام سے منسلک ہے،پاکستان کی مذہبی قوتوں نے پیغام پاکستان دے کر پوری دنیا کے سامنے ایک ایسا میثاق رکھا ہے جس سے مشرق اور مغرب کے ممالک رہنمائی لے رہے ہیں،کہا جاتا تھا کہ پاکستان کا مذہبی طبقہ آپس میں متفق نہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ پاکستان کے مذہبی طبقے نے باہمی رواداری،محبت اوراخوت کا عملی مظاہرہ کر کے دکھایا ہے اور پیغام پاکستان سے دنیا کے کئی ممالک رہنمائی لے رہے ہیں۔

طاہر اشرفی نے کہا کہ ملک میں میثاق پاکستان کی ضرورت ہے،پاکستان کی تمام مذہبی اور سیاسی جماعتوں کو باہمی اتحاد سے میثاق پاکستان کرنا چاہیےجس میں پاکستان کی معیشت،نظام عدل کی اصلاح،انتخابی اصلاحات اور بڑھتے ہو ئے تشدد کے خاتمے کا سوچا جائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حساس اداروں کے خلاف پراپیگنڈہ کیا جارہا ہے ۔نمائندہ خصوصی نے کہا کہ پاکستانی قوم کی ریڈ لائن اس کا دین،وطن اور اس کے سلامتی کے ادارے ہیں،نائن الیون کے بعد ہم اس طرح اکھٹے نہیں بیٹھ سکتے تھے،ہمارے بازار مسجدیں،امام بارگا ہیں اورچرچز ویران ہو گئے تھے،قوم اور افوج پاکستان کی قربانیوں سے دہشتگردی کا خاتمہ ممکن ہوا۔

انہوں نے کہا کہ انتہا پسندی کیخلاف جو پیغام پاکستان آیا اس کو تکمیل تک پہنچانے میں افواج پاکستان اورعلما کا کردار ناقابل فراموش ہے۔انہوں نے کہا کہ قوم کا مستقبل ملکی سیاسی استحکام اور باہمی اتحاد سے مربوط ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے خود تسلیم کیا ہے کہ ان کی حکومت گرانے میں اسٹیبلشمنٹ کا کوئی کردار نہیں تھا،تو پھرچھ ماہ سے قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف جو مہم چلائی جا رہی ہے اس کا کون ذمہ دار ہے؟

انہوں نے کہا کہ نئے سپہ سالار کے تقرر کا طریقہ کار آئین اور قانون میں موجود ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آزادی اظہار کی بھی کوئی حد ہوتی ہے،بغیر کسی حد بندی کے جو کچھ ہو رہا ہے اس کا نقصان ملک کو پہنچ رہا ہے،پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری ملکی سیاسی استحکام سے جڑی ہوئی ہے،پاکستان میں داخلی استحکا م سے 25 سے 30 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ملک میں آسکتی ہے،خدارا الزام تراشیوں سے باہر نکلیں۔انہوں نے کہا کہ ارشد شریف کے قاتلوں کو تلاش کر نا ہم سب کی ذمہ داری ہے،سب جانتے ہیں کہ را کا بھارت کے بعد سب سے منظم نیٹ ورک کینیا میں ہے۔