پشاور۔ 31 اگست (اے پی پی):نگران صوبائی وزیر برائے اطلاعات ، سیاحت ، ثقافت ، آثار قدیمہ و عجائب گھر خیبرپختونخوا بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکا خیل نے کہا ہے کہ دشمن عناصر ملک کا امیج خراب کرنا چاہتے ہیں، یورپ اور چین سے سیاح خیبرپختونخوا آرہے ہیں، صوبے کی عوام کے لئے پشاور سٹی ٹوور، خان پور ڈیم اور تخت بھائی کے ٹوور پیکیجز کا آغاز کر دیا ہے۔
جمعرات کو محکمہ سیاحت بس ٹوور کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے کہا کہ صوبے کے عوام کے لئے پشاور سٹی ٹوور، خان پور ڈیم اور تخت بھائی کے ٹوور پیکیجز کا آغاز کر دیا ہے، سیاح اب ٹوور بس میں مختلف سیاحتی مقامات کا سفر کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پشاور تاریخی لحاظ سے بہت اہمیت کا حامل ہے، عوام کو اس شہر کے تاریخی مقامات دیکھنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ لوگ سٹی ٹوور پشاور 3200 روپے میں، تخت بھائی 1 ہزار اور خان پور ڈیم 3500 روپے میں سفر کر سکیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں کوشش کررہے کہ لا اینڈ آرڈر کے حالات کو بہتر کریں،دشمن عناصر ملک کا امیج خراب کرنا چاہتے ہیں، یورپ اور چائنہ سے بہت سیاح خیبرپختونخوا آرہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بدھ مت اور آثار قدیمہ والے مقامات پر کام کررہے ہیں کہ سیاح وہاں بھی آئیں۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مہنگائی، پٹرول اور بجلی بلوں پر کل بھی بات ہوئی، حکومت کوشش کررہی ہے کہ عوام کو ریلیف ملے، وفاق سے بھی بات کی ہے کہ واجبات صوبے کو دیے جائیں تاکہ مسائل کا خاتمہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ نابینا بچوں پر مشتمل ٹوور کل نتھیاگلی کےلئے پشاور سے روانہ ہو گا، خیبرپختونخوا کے عوام کی خدمت کےلئے آگے بڑھ کر کام رہے ہیں، ٹوورازم ڈیپارٹمنٹ عوام کی بہتری کےلئے کام کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا مہمان نوازی کی زمین ہے ،ہم مہمان نواز لوگ ہیں، خیبرپختونخوا کی سیاحت دنیا کے خوبصورت مقامات کی طرح ہے۔