دفاعی چیمپئن کارلوس الکاراز اپنی پیش قدمی کر برقرار رکھتے ہوئے یو ایس اوپن ٹینس مینز سنگلز کوارٹر فائنل پہنچ گئے

101

نیویارک۔5ستمبر (اے پی پی): سپین کے بین الاقوامی شہرہ آفاق ٹینس سٹار ،دفاعی چیمپئن اور میگا ایونٹ کے ٹاپ سیڈڈ کارلوس الکاراز ،روسی ٹینس کھلاڑی آندرے روبلوف اور ڈینیئل مدویدوف اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں مردوں کے سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل رائونڈ میں پہنچ گئے جبکہ آسٹریلوی ایلکس ڈی مینار اوربرطانوی ٹینس کھلاڑی جیک الیگزینڈر ڈریپر مینز سنگلز پری کوارٹر فائنل رائونڈ میں ہار کر میگا ایونٹ سے باہر ہوگئے۔رواں سال کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دلچسپ مقابلے امریکا کے شہر نیویارک میں جاری ہیں۔

منگل کو کھیلے گئے مینز سنگلز مقابلوں کے پری کوارٹر فائنل رائونڈ میں سپین کے بین الاقوامی شہرہ آفاق ٹینس سٹار ،دفاعی چیمپئن اور میگا ایونٹ کے ٹاپ سیڈڈ کارلوس الکاراز شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اطالوی حریف کھلاڑی میٹیو آرنلڈی کو سٹریٹ سیٹس میں 3-6، 3-6 اور 4-6 سے شکست دے کر اپنی پیش قدمی کو جاری رکھتے ہوئے کوارٹر فائنل رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔روسی ٹینس کھلاڑی آندرے روبلوف نے بھی دوسری رکاوٹ عبور کر لی۔

انہوں نے سخت مقابلے کے بعد برطانوی حریف کھلاڑی جیک الیگزینڈر ڈیپر کو 3-6،6-3،3-6 اور 4-6 سے مات دی۔ ایک اور میچ میں روس کے ہی ڈینیئل مدویدوف نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے حریف آسٹریلوی ٹینس کھلاری ایلکس دی مینار کو 6-2، 4-6، 1-6 اور 2-6 سے شکست دے کر میگا ایونٹ کے کوارٹر فائنل رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔کوارٹر فائنل رائونڈ میں دونوں روسی کھلاڑی آندرے روبلوف اور ڈینیئل مدویدوف ایک دوسرے کے مد مقابل ہوں گے۔