اسلام آباد۔21اگست (اے پی پی):دفتر خارجہ کی ترجمان نے ایران میں بس کے حادثے میں پاکستانی زائرین کے جاں بحق ہونے پر ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
پاکستانی زائرین ایران کے شہر یزد میں ایک المناک سڑک حادثے میں جاں بحق ہوئے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ کی ہدایت پر زاہدان میں پاکستان کے قونصل کو جائے حادثہ پر پہنچنے اور صورتحال کا جائزہ لینے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ وہ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے لیے مقامی حکام کے ساتھ بھی رابطہ کریں گے اور میتوں کو پاکستان واپس بھیجنے کا انتظام کریں گے، جاں بحق ہونے والوں میں سے زیادہ تر صوبہ سندھ کے رہائشی ہیں۔ بیان کے مطابق وزارت خارجہ نے ان کوششوں میں مدد فراہم کرنے اور میتوں کی وطن واپسی میں سہولت فراہم کرنے کے لیے اپنے کرائسز مینجمنٹ یونٹ کو فعال کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تہران میں پاکستان کے سفیر اور زاہدان میں پاکستان کے قونصلر تہران اور زاہدان میں ایرانی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں تاکہ میتوں کی نکالنے اور وطن واپسی میں تیزی لائی جاسکے اور زخمیوں کے علاج میں سہولت فراہم کی جاسکے۔