اسلام آباد ۔ 4 اگست (اے پی پی) پاکستان نے واضح کیاہے کہ وہ کسی طالبان گروپ میں دلچسپی نہیں رکھتا اور تمام دہشت گرد گروپوں کیخلاف بغیر کسی امتیاز کے کارروائی جاری ہے،آپریشن ضرب عضب سے قبائیلی علاقوں میں دہشت گردوں کے آخری ٹھکانے کامیابی سے تباہ کر دیئے، پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں کسی بھی ملک سے زیادہ قیمت ادا کی ہے، کشمیر بھارت کا اندرونی نہیں متنازعہ معاملہ ہے، پاکستان حق خود ارادیت کی جدوجہد میں کشمیری عوام کی اخلاقی،سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔دفتر خارجہ کے ترجمان محمد نفیس زکریا نے جمعرات کویہاں پریس بریفنگ کے دوران صحافیوں کے مختلف سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان تمام دہشت گرد گروپوں کیخلاف بغیر کسی امتیاز کے کارروائی کررہا ہے۔پینٹاگان کی جانب سے پاکستان کی 300ملین ڈالر فوجی امداد روکنے سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کسی بھی ملک سے جانی اور مالی لحاظ سے زیادہ قیمت ادا کی ہے۔دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان نے چھ ہزار سیکورٹی اہلکاروں سمیت ساٹھ ہزار قیمتی انسانی جانوں کی قربانی دی ہے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان کسی طالبان گروپ میں دلچسپی نہیں رکھتا،ہم دہشت گردی اور شدت پسندی کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے تمام ملکوں کیساتھ تعاون کر رہے ہیں۔آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے اور قبائیلی علاقوں میں دہشت گردوں کی آخری پناہ گاہیں کلیئر کر دی گئیں۔