راولپنڈی۔ 27 اگست (اے پی پی):دفتر صوبائی محتسب پنجاب سرکاری خدمات کے بارے میں عوامی شکایات کے ازالے کے لیے نئے عزم اور ولولے سے سرگرم عمل ہے اور پنجاب کے تمام صوبائی محکمہ جات اور ان کے ملازمین کی جانب سے سرکاری خدمات کی فراہمی میں بد انتظامی، بیجا تاخیر،لاپرواہی، بد عنوانی اور کرپشن کی شکایات پر بر وقت کاروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔ یہ بات صوبائی محتسب پنجاب کے ریجنل آفس راولپنڈی میں تعینات ایڈوائزر رانا اکبر حیات اور محمد احسان طفیل نے ایک خصوصی ملاقات کے دوران بتائی۔ ان کا کہنا تھا کہ محتسب پنجاب کے دفتر میں بھجوائی جانے والی شکایات کے ازالے کا دورانیہ 90 دن سے کم کر کے 30 سے 45 دن مقرر کر دیا گیا ہے اور کوئی بھی شکایت کنندہ کسی فیس کے بغیر اپنی شکایت بذریعہ موبائل ایپ، ویب سائٹ اور بذریعہ ڈاک درج کروا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شکایت کنندہ کو ہر مرحلے پر بذریعہ ایس ایم ایس اور ای میل کارروائی کی اطلاع دی جاتی ہے اور شکایت کنندہ کو مشترکہ سماعت کے علاوہ دفتر آنے کی ضرورت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی محتسب پنجاب کے دفاتر میں تمام خدمات بالکل مفت فراہم کی جاتی ہیں اور شکایت کنندہ کو کسی وکیل یا فیس کی ادائیگی کی کوئی ضرورت نہیں ہے،شکایت کنندہ مقامی پاکستانی شہری یا سمندر پار پاکستانی اپنی شکایت کو موبائل ایپ یا ویب سائٹ پر اردو یا انگریزی میں درج کروا سکتا ہے اور مزید معلومات پیش رفت اور فیصلہ ہونے کی صورت میں بلا معاوضہ فیصلے کی اصل کاپی کو ڈاؤن لوڈ بھی کر سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی محتسب پنجاب کے نام سادہ کاغذ پر درخواست اپنے نام ،پتا، فون نمبر اور شناختی کارڈ کی کاپی اور بیان حلفی کے ہمراہ ارسال کی جا سکتی ہے جبکہ ہیڈ آفس کے علاوہ اضلاع میں قائم دفاتر کے متعلقہ ایڈریس اور فون نمبر کی معلومات بذریعہ ویب سائٹ اور موبائل ایپ حاصل کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ محتسب پنجاب کے دفاتر میں عدالت میں زیر سماعت یا ایسے معاملات جن پر عدالت نے فیصلہ دے دیا ہو ان کے بارے میں درخواست نہیں دی جا سکتی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس سلسلے میں معلومات اور رہنمائی یا شکایات کے لیے صوبائی محتسب پنجاب کی24/7 ہیلپ لائن 1050 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔