دماغی کمزوری کے شکار بچوں کی بہبود سے متعلق تقریب سے شرکاء کا خطاب

90
دماغی کمزوری کے شکار بچوں کی بہبود سے متعلق تقریب سے شرکاء کا خطاب

اسلام آباد۔18جنوری (اے پی پی):ادارہ تعلیم و آگاہی نے سائٹ سیورز اور پی اے ایل نیٹ ورک کے تعاون سے دماغی کمزوری کے شکار بچوں کے لئے انٹرنیشنل کامن اسیسمنٹ آف نمبریسی (آئی سی اے این ) کے جامع رہنما خطوط کے پائلٹ پراجیکٹ کی تقریب کا انعقاد کیا ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزارت تعلیم کی جانب سے سپیشل سیکرٹری محی الدین وانی نے تمام سرکاری اداروں بشمول تعلیم، خصوصی تعلیم، ایڈ ٹیک اور اصلاحاتی یونٹس کو ایک متحد ادارے کے طور پر تعاون کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ انہیں آئی سی اے این کی تشخیصی مشق کی سفارشات اور حل کو اجتماعی طور پر تیار کرنا، جانچنا اور ان پر عملدرآمد کرنا چاہئے۔

انہوں نے فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ سائٹ سیورز کی کنٹری ڈائریکٹر منازہ گیلانی نے کہا کہ سماعت سے محروم بچوں نے اس میں حصہ لیا جنہوں نے اپنے ساتھیوں کی نسبت بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی بچوں کے تعلیمی اداروں کو چیلنجز کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ معذور افراد کے لئے کام کرنے والے اداروں یا تنظیموں میں معذوری کے شکار افراد کوبھی شامل کرنا چاہئے اس سے ان کی کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی۔ آئی ٹی اے کی سی ای او بیلا رضا جمیل نے کہا کہ 2014 سے آئی ٹی اے پاکستان لٹریسی پراجیکٹ سےتعاون کر رہی ہے جس میں روم ٹو ریڈ پروگرام بھی شامل ہے۔

تقریب میں ڈی جی پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن ڈاکٹر شاہد سوریا ،ایجوکیشن سپیشلسٹ زینب اقبال اور یونیسف کی ایجوکیشن سپیشلسٹ نورین حسن، عالمی بینک سے اعزاز فرخ، سیم ولسن اور دیگر متعلقہ اداروں کے حکام نے بھی شرکت کی۔