دنیا میں چھوٹے ڈیمز کی تعمیر کا رجحان بڑھ رہا ہے، ہمیں اپنے وسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے چھوٹے ڈیم بنانے چا ہئیں، وفاقی وزیر سینیٹر شیری رحمان

81
سینیٹر شیری رحمان

اسلام آباد۔15اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ دنیا میں بڑے ڈیمز کا رجحان کم جبکہ چھوٹے ڈیمز کا رجحان بڑھ رہا ہے، ہمیں اپنے وسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے چھوٹے ڈیمز بنانے چا ہئیں ۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے پیر کو وفاقی وزارت برائے آبی وسائل کی جانب سے موسمیاتی تبدیلی کے زراعت پر اثرات کے موضوع پر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

شیری رحمان نے کہا کہ ہمارے سسٹم میں پانی کم ہو گیا ہے، وزارت ماحولیات اس حوالے سے کل کابینہ کو بریف کرنے جا رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں بڑے ڈیمز کا رجحان کم اور چھوٹے ڈیمز کی تعمیر کا رجحان بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بڑے ڈیمز کی تعمیر کے لئے بڑی مقدار میں فنڈز درکار ہوتے ہیں، بھارت میں بڑے ڈیمز کے خلاف لوگ احتجاج کرتے ہیں ،ہمیں بھی اپنے وسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے چھوٹے ڈیمز بنانے چا ہئیں ، ہمیں اپنی منصوبوں کی ترجیحات تبدیل کرنی ہوں گی۔

شیری رحمان نے کہاکہ ہمارے ڈیمز کے منصوبے 10 سے 15 سال تک مکمل نہیں ہوتے، ہمارے پاس بڑے ڈیمز بنانے کے لئے نہ وسائل ہیں اور نہ ہی وقت۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان 2025 تک خشک سالی کا شکار ہو جائے گا، ہمیں اس حوالے سے بروقت اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔