نوجوانوں تعلیم اور اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک کو ترقی یافتہ بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں،بیگم ثمینہ عارف علوی

ثمینہ عارف علوی
بریسٹ کینسر قابل علاج مرض ہے، آگاہی و شعور کو فروغ دے کر اس پر قابو پایا جا سکتا ہے،بیگم ثمینہ علوی

اسلام آباد۔15اگست (اے پی پی):خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی نے نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ تعلیم اور اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک کو ترقی یافتہ بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں، خواتین اور خصوصی افراد کو بااختیار بنانا اور انہیں روزگار کی فراہمی حکومت اور معاشرے کی ذمہ داری ہے، چھاتی کے سرطان سے خواتین کی اموات کو کم کرنے کے لئے بھرپور آگاہی مہم اور موثر اقدامات کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیرکو یہاں اقراءیونیورسٹی میں یوم آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی کے حوالے سے ” آج کا نوجوان کل کا پاکستان“ کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں طلباءوطالبات اور فیکلٹی ممبران سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

بیگم ثمینہ عارف علوی نے طلباءاور طالبات سے کہا کہ وہ اپنی بہترین صلاحیتوں کا استعمال کرکے پاکستان کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں، خواتین اور خصوصی افراد کو بااختیار بنانا حکومت اور معاشرے کی ذمہ داری ہے۔

خاتون اول نے سرکاری اور غیر سرکاری اداروں پر زور دیا کہ وہ خصوصی افراد کو نظر انداز نہ کریں بلکہ ان کے لئے سہولت پیدا کریں تاکہ وہ معاشرے کے کار آمد شہری بن سکیں۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کو نیوٹک کے ذریعے مختلف ہنر سکھائے جا رہے ہیں تاکہ وہ اپنے پاﺅں پر کھڑے ہوسکیں۔ انہوں نے حکومتی اداروں پر زور دیا کہ وہ روزگار میں خواتین اور خصوصی افراد کا کوٹہ بڑھائیں تاکہ ان کااحساس محرومی ختم ہوسکے۔

بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہا کہ معاشرہ خصوصی افراد کی مشکلات اور محرومیوں کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے، خواتین کو بااختیار بنانے اور ان کے لئے کام اور روزگار کے ماحول کو سازگار بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے نوجوان باصلاحیت اور پر عزم ہیں اور وہ ہرطرح کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے تیارہیں، نوجوانوں کو ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

خاتون اول نے کہاکہ ہمیں اپنی ثقافت اور ورثے کی حفاظت اور اس کو محفوظ کرنا ہو گا، پاکستان اپنی اخلاقی اقدار کو نہیں چھوڑے گا، مغرب کی تقلید کی بجائے اپنے کلچر کو فروغ دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے، نوجوان تعلیم کے ساتھ ساتھ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے معاشرے میں اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔

بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہا کہ بھرپور قومی آگاہی مہم کے نتیجہ میں چھاتی کے سرطان کو کم کرنے میں مدد ملے گی، بروقت علاج سے ہزاروں زندگیاں بچائی جاسکتی ہیں، اس مہلک مرض کی روک تھام کے لئے احتیاطی تدابیر کے ساتھ ساتھ جلد اور بروقت تشخیص ضروری ہے، آگاہی مہم پورا سال جاری رکھی جانی چاہئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اقرا یونیورسٹی کے نائب صدر ڈاکٹر محمد اسلام نے کہا کہ انسانی وسائل کی تیاری میں یونیورسٹی کا اہم کردار ہے، یونیورسٹی کے اسلام آباد کیمپس میں ساڑھے چارہزار طلباءزیر تعلیم ہیں جبکہ مجموری طور 30 ہزار طلباءیونیورسٹی سے تعلیم حاصل کررہے ہیں۔

غیر سرکاری تنظیم ہیلپنگ ہینڈ کے کنٹری ڈائریکٹر سلیم منصوری نے تقریب سے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کا مستقبل تابناک ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ نوجوان ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ تقریب کے شرکاءنے خصوصی افراد اور خواتین فلاح و بہبود اور چھاتی کے سرطان کی آگاہی مہم کیلئے خاتون اول کے بھرپور کردار اور کوششوں کی تعریف کی۔

قبل ازیں تقریب کے دوران بیگم ثمینہ عارف علوی نے دیگر اہم شخصیات کے ہمراہ یوم آزادی کے حوالے سے کیک بھی کاٹا۔ تقریب میں خاتون اول کو سووینئر پیش کیا گیا۔