دنیا کو دوسرا کربلائے معلیٰ بننے سے روکنے کےلئے اپنی صفوں میں اخوت واتحاد پیدا کرنا ہوگا، ترک صدر

انقرہ ۔ 02 اکتوبر (اے پی پی) ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ دنیا کو دوسرا کربلائے معلیٰ بننے سے روکنے کےلئے ہمیں اپنی صفوں میں اخوت واتحاد پیدا کرنا ہوگا۔ترک خبررساں ادارے کے مطابق یوم عاشور کی مناسبت سے اپنے پیغام میں صدر اردوان نے کہا کہ 1378ءسال قبل کربلا میں برپا ہونے والی قیامت صغری کے تمام شہدا اور اہل بیعت کے رفقائے کاروںکی شہادت ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا یہ واقعہ ہمیں اخوت و یگانگت اور صفوں میں اتحاد قائم کرنے کی تلقین کرتا ہے کیونکہ یہی وقت کا تقاضا ہے۔ ترک صدر نے کہا کہ میں اس واقعے کی مناسبت سے دعاگو ہوں کہ اللہ تبارک و تعالی عالم اسلام اور دیگر اقوام عالم کے درمیان امن،خوش حالی، فلاح اور خیر و عافیت کا ناختم ہونے والا سلسلہ پیدا کردے۔