اسلام آباد۔18مئی (اے پی پی):امریکا میں منعقدہ دنیا کے سب سے بڑے زیتون کے تیل کے مقا بلہ میں بلوچستان کے ضلع لورالائی کے کسان عبدالجبار کے باغ سے حاصل کردہ تیل کو عالمی سطح پر بہترین معیار کا زیتون کا تیل تسلیم کیا گیا ہے۔
نیویارک انٹرنیشنل اولیو آئل کمپیٹیشن میں دنیا بھر کے 1200 سے زائد برانڈز نے شرکت کی جس میں ’لورالائی اولیوز‘ نے سلور ایوارڈ حاصل کیا۔ لورالائی اولیوز کے چیف ایگزیکٹیو شوکت رسول نے اس حوالہ سے کہا ہے کہ ہمارا خواب تھا کہ پاکستان بھی زیتون پیدا کرنے والے ممالک کی صف میں شامل ہو ، الحمداللہ ہم نے یہ خواب پورا کر کے دکھایا ہے۔ لورالائی اولیوز نے ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان میں عالمی معیار کا زیتون کا تیل پیدا ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سپین، اٹلی اور امریکہ جیسے زیتون کے بڑے پیداواری ممالک کے درمیان ایوارڈ کا حصول نہ صرف پاکستان بلکہ پورے جنوبی ایشیا کے لیے اعزاز ہے۔ زیتون کے باغ کے مالک عبدالجبار نے کہا ہے کہ یہ کامیابی برسوں کی محنت کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ لورالائی میں 30 ایکڑ پر کاشت باغ سے گزشتہ سال 9 ہزار لیٹر سے زائد تیل حاصل ہوا۔ زیتون کی کاشت اور پراسیسنگ کے شعبہ کے ماہرین کے مطابق بلوچستان زیتون کی کاشت کے لیے ملک کا سب سے موزوں خطہ ہے۔ پاکستان آئل سیڈ ڈیپارٹمنٹ کے سابق سربراہ اور وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم کے ٹیکنیکل رکن ڈاکٹر خیر محمد کاکڑ کے مطابق بلوچستان میں پیدا ہونے والا زیتون کا ایکسٹرا ورجن تیل عالمی معیار کا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نیویارک کے عالمی مقابلے میں ایوارڈ جیتنے کے بعد بلوچستان کے زیتون کے تیل کی پذیرائی میں عالمی سطح پر نمایاں اضافہ ہو گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=598347