لاہور۔2اکتوبر (اے پی پی):دورہ سری لنکا کے لیے پاکستان شاہینز کے اسکواڈ کا اعلان کردیا گیاہے۔ اسکواڈ کی قیادت بائیں ہاتھ کے ٹاپ آرڈر بیٹر سعود شکیل کے سپرد کی گئی ہے۔ پاکستان شاہینز کرکٹ ٹیم 2 چار روزہ اور 3 ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کھیلنے کے لیے 21 اکتوبر کو سری لنکا روانہ ہوگی۔
کپتان سعود شکیل نے رواں سال دورہ انگلینڈ میں قومی کرکٹ ٹیم کی جانب سے ڈیبیو کیا تھا۔ انہوں نے قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ میں شامل تینوں ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں ملک کی نمائندگی کی تھی۔
ان کے علاوہ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے عبداللہ شفیق، ارشد اقبال، زاہد محمود اور حیدر علی کے علاوہ ٹیسٹ کرکٹرز نسیم شاہ اور عثمان صلاح الدین بھی پاکستان شاہینز کے اسکواڈ کا حصہ ہیں۔سلیکٹرز نے کامران غلام، سلمان علی آغا اور محمد حارث کو بھی پاکستان شاہینز کے اسکواڈ کا حصہ بنایا ہے۔ن
وجوان وکٹ کیپر بیٹر سلمان خان اور قاسم اکرم بھی دورے کے لیے اعلان کردہ پاکستان شاہینز کے اسکواڈ کا حصہ ہیں۔ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اسپنرز ابرار احمداور احمد صفی عبداللہ کے علاوہ پیسرز عاکف جاوید اور عرفان اللہ شاہ بھی پاکستان شاہینز کا حصہ ہیں۔چیف سلیکٹر محمد وسیم کا کہنا ہے کہ ان دوروں کا مقصد ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اپنے نوجوان کھلاڑیوں کو مستقبل کے چیلنجز سے روشناس کروانا ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ دورے پاکستان کرکٹ ٹیم کے بینچ کو تقویت بخشنے کے لیے کارگر ثابت ہوتے ہیں۔محمد وسیم نے کہا کہ اس اسکواڈ کی اوسط عمر 22 سے کم ہے۔
اسکواڈ میں ان کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے جو یا تو پاکستان کرکٹ ٹیم کا حصہ ہیں یا پھر قومی کرکٹ ٹیم کے دروازے پر دستک دے رہے ہیں۔اسکواڈ میں سعود شکیل (کپتان) ،حیدر علی (نائب کپتان)،عباس آفریدی ،عبداللہ شفیق ،ابرار احمد ،احمد صفی عبداللہ ،عاکف جاوید ،ارشد اقبال،عرفان اللہ شاہ ،کامران غلام ،خرم شہزاد ،محمد حارث (وکٹ کیپر)،نسیم شاہ،عمیر بن یوسف ،قاسم اکرم،سلمان علی آغا،سلمان خان (وکٹ کیپر)،عثمان صلاح الدین اورزاہد محمودشامل ہیں۔