اسلام آباد۔2اگست (اے پی پی):کامن ویلتھ کی سیکرٹری جنرل آر ٹی پیٹریشیا سکاٹ لینڈ نے پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان کو نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے ان کے غیر متزلزل عزم اور محنت پر "کامن ویلتھ ایئر یوتھ چیمپئن”کا ایوارڈ دیا۔
وزیراعظم یوتھ پروگرام کے اقدامات کی نمائش اور اجرا کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل پیٹریشیا سکاٹ لینڈ نے کہا کہ رانا مشہود نے نوجوانوں کو مواقع، وسائل اور مدد فراہم کرنے اور مختلف اقدامات اور پروگراموں کے ذریعے ان کو بااختیار بنانے کے لیے اہم اقدامات اور شاندار کام کیا ہے۔ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہوں نے رانا مشہود سےدولت مشترکہ کی روایات کے مطابق تین بار اظہار تشکر کیا۔انہوں نے کہا کہ دولت مشترکہ پاکستان کے نوجوانوں کے لیے وزیراعظم یوتھ پروگرام ٹیم کی ہمت اور عزم کا اعتراف کرتی ہے کیونکہ نوجوان ہی تبدیلی لانے کے محرک ہیں۔
دولت مشترکہ کی سکریٹری جنرل نے بٹن دبا کر وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے چھ اقدامات کا افتتاح کیا جس میں کامن ویلتھ ایشیا یوتھ الائنس، ڈیجیٹل لرننگ پورٹل، قومی رضاکار کور کے لیے لوگو، برٹش کونسل اور انٹیل کارپوریشن کے تعاون سے اے آئی ایجوکیشن پروگرام اور کامن ویلتھ یوتھ پارلیمنٹری فورم کا قیام شامل ہیں۔ قبل ازیں اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود نے دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل پیٹریشیا سکاٹ لینڈ کی پاکستان اور دولت مشترکہ کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے محبت اور جذبے کا اعتراف کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور دولت مشترکہ کے درمیان باہمی دلچسپی نوجوانوں کے ترقیاتی پروگراموں کے مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگی۔ انہوں نے پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں پر زور دیا اور ان کی ترقی کو فروغ دینے کے لیے یوتھ پروگرام کے ذریعے شروع کیے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ آخر میں پیٹریشیا سکاٹ لینڈ نے بلوچستان سے تعلق رکھنے والی قومی رضاکار کور کے لوگو کی ڈیزائنر اقصیٰ کوایک لاکھ روپے کا انعام دیا جبکہ مختلف شعبوں میں شاندار کارکردگی پر مختلف تعلیمی اداروں کے طلباکو پرائم منسٹر موٹیویشنل ایوارڈ دئیے گئے۔چیئرمین رانا مشہود نے کامن ویلتھ کی جنرل سیکرٹری پیٹریشیا سکاٹ لینڈ کو دولت مشترکہ کے ممالک اور پاکستان کی ترقی کے لیے ان کی خدمات پر سووینئر بھی پیش کیا۔