دو ریاستی حل کے لیے سعودی عرب کے حالیہ اقدامات قابل تحسین ہیں،مشیر فلسطینی صدر

125
Palestinian

مقبوضہ بیت المقدس۔1نومبر (اے پی پی):فلسطینی صدر کے مشیر ڈاکٹر محمود الہباش نے کہا ہے کہ دو ریاستی حل کےلئے سعودی عرب کے حالیہ اقدامات قابل تحسین ہیں۔ العربیہ کے مطابق انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب دو ریاستی حل کے لیے بین الاقوامی سطح پر کوششوں کی قیادت کر رہا ہے جو قابل تحسین ہے۔ فلسطینی وزارت خارجہ نے دو ریاستی حل کو یقینی بنانے اور فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے سعودی عرب کے اقدامات کو اسرائیلی قبضے کے خاتمے کے سلسلے میں عملی اور نمایاں اقدامات قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں گزشتہ روز دو ریاستی حل پر عمل درآمد کے لیے قائم بین الاقوامی اتحاد کا پہلا اجلاس اختتام پذیر ہوا۔ اس موقع پر سعودی عرب نے باور کرایا کہ فلسطینی عوام کی مشکلات کے خاتمے کے لیے دو ریاسی حل پر عمل درآمد ضروری ہے۔اس سے قبل سعودی عرب نے ایک بار پھر اس موقف کو دہرایا کہ وہ قابض اسرائیلی حکام کی جانب سے اقوام متحدہ کے اداروں اور اس کی امدادی تنظیموں کو سیاسی اور فوجی طور پر نشانہ بنائے جانے اور ان میں کام کرنے والوں کی زندگی کو مسلسل خطرے میں ڈالے جانے کو یکسر مسترد کرتا ہے۔ سعودی عرب نے زور دیا کہ وہ فلسطینی پناہ گزینوں کی امداد کے مشن میں اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (یو این آر ڈبلیو اے) کی حمایت کرتا ہے۔