اسلام آباد۔8جنوری (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والوں کو معاشرے میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے ،خیبر پختونخوا میں اس حوالے سے سماجی فلاحی تنظیموں کے متحرک کردار کی ضرورت ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں مسلم ایڈ کے ہیڈ آف آپریشن آصف چشتی سے گفتگو کے دوران کیا جنہوں نے ان سے خصوصی ملاقات کی ۔ مسلم ایڈ کی جانب سے خیبر پختونخوا کے علاقے چترال میں سیلاب متاثرین اور اپر اور لوئر دیر میں تنظیم کے فلاحی کاموں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
گورنر نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع ڈیرہ اسماعیل خان ، ٹانک ، لکی ، بنوں ،کرک اور وزیرستان کے باسی بھی سماجی تنظیموں کی امداد کے منتظر ہیں ۔انہوں نے کہا کہ انجمن ہلال احمر خیبرپختونخوا صوبے بھر میں بحرانی کیفیت میں بھرپور کردار ادا کررہی ہے ،مسلم ایڈ اور ہلال احمر خیبرپختونخوا متحد ہوکر فلاحی سرگرمیوں میں حصہ لیں ۔
ملاقات میں خیبرپختونخوا بالخصوص کرم کے متاثرین میں رمضان المبارک کی آمد سے قبل فوڈ آئٹمز اور ٹینٹ فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ انجمن ہلال احمر خیبرپختونخوا کے چیئرمین حبیب ملک اورکزئی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔