دھاتوں کی درآمدات میں 10 ماہ کے دوران 35.2 فیصد کمی ہوئی، شماریات بیورو

ادارہ برائے شماریات

اسلام آباد۔7جون (اے پی پی):دھاتوں کی درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 35.2 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ پاکستان بیورو برائے شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے اپریل 2023 تک کی مدت میں دھاتوں کی درآمدات کا حجم 3.555 ارب ڈالر ریکارڈکیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 35.2 فیصد کم ہے۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں دھاتوں کی درآمدات کا حجم 5.48 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اپریل میں دھاتوں کی درآمدات پر 212 ملین ڈالر کا زرمبادلہ صرف ہوا جو گزشتہ سال اپریل کے مقابلہ میں 55.3 فیصد کم ہے۔ گزشتہ سال اپریل میں دھاتوں کی درآمدات کا حجم 473 ملین ڈالر ریکارڈ کیاگیا تھا۔

مارچ کے مقابلہ میں اپریل میں دھاتوں کی درآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر 22.1 فیصد کی کمی ریکارڈکی گئی ۔ مارچ میں دھاتوں کی درآمدات کا حجم 272 ملین ڈالر ریکارڈ کیاگیا جو اپریل میں کم ہو کر 212 ملین ڈالر ہو گیا۔