فیصل آباد ۔ 05 اگست (اے پی پی):دھان کے کاشتکاروں کو فصل کو نقصان پہنچانے والے کیڑوں سے بچاؤ کےلئے بروقت اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے ۔پلانٹ پروٹیکشن، پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز محکمہ زراعت فیصل آباد کے ڈائریکٹراسرار احمدنے کہاکہ حملہ آور کیڑوں میں سب سے زیادہ نقصان دہ کیڑے تنے کی سنڈی، پتہ لپیٹ سنڈی، ٹوکا اور سفید پشت والا تیلہ ہیں۔انہوں نے بتایاکہ تنے کی سنڈی زیادہ تر باسمتی اقسام پر حملہ آور ہوتی ہے جبکہ پتہ لپیٹ سنڈی اری اور باسمتی دونوں اقسام پر یکساں حملہ آور ہوتی ہے نیز سفید پشت والا تیلہ عموماً اری اقسام پر زیادہ حملہ آور ہوتا ہے اسی طرح ٹوکا دھان کی پنیری اور فصل دونوں کو نقصان پہنچاتا ہے۔
انہوں نے بتایاکہ ان کیڑوں کے انسداد کیلئے کھیتوں کے اندراوراطراف میں اگی ہوئی جڑی بوٹیاں تلف کریں اور ان کیڑوں کو دستی جالوں سے پکڑ کر تلف کریں۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار پتوں پر انڈوں کی ڈھیریوں کو تلف کریں اور رات کو روشنی کے پھندے لگائیں کیونکہ روشنی کے پھندے ان کیڑوں کے پروانوں کو تلف کرنے کا ایک موثر طریقہ ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر ان کیڑوں کا حملہ نقصان کی معاشی حدسے تجاوز کرجائے تو کیمیائی انسداد کےلئے زرعی توسیعی کارکن کے مشورہ سے سفارش کردہ زہروں کا استعمال یقینی بنایاجائے۔