دہشتگرد ملک اور انسانیت کے دشمن ہیں،پوری قوم ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے متحد ہے، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی شمالی وزیرستان میر علی میں پولیس چیک پوسٹ پر خودکش حملے کی مذمت

85
Speaker National Assembly Sardar Ayaz Sadiq
Speaker National Assembly Sardar Ayaz Sadiq

اسلام آباد۔26اکتوبر (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے شمالی وزیرستان میر علی میں پولیس چیک پوسٹ پر خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگرد ملک اور انسانیت کے دشمن ہیں،پوری قوم ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے متحد ہے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف میڈیا سے ہفتہ کو جاری مذمتی بیان میں اسپیکر قومی اسمبلی نے حملے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ،شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں اور راہگیروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگرد ملک اور انسانیت کے دشمن ہیں،پوری قوم ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے متحد ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں اور افسروں نے ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے لازوال قربانیاں پیش کی ہیں۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے دہشتگردی کے خلاف عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے شہداء کے درجات کی بلندی، مغفرت اور لواحقین کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے صبر جمیل جبکہ دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کے لیے بھی دعا کی۔