اسلام آباد۔5اپریل (اے پی پی):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے تمام سکیورٹی اداروں کو چینی باشندوں کی سکیورٹی کو فول پروف بنانے کیلئے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کی عفریت کے ملک سے خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔
وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم کی زیرِ صدارت ملک میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس یہاں منعقد ہوا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ دہشت گردی کی عفریت کے ملک سے خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔
وزیرِاعظم نے وزارت داخلہ کو ملک میں دہشت گردی کے خاتمے اور صوبائی انسداد دہشت گردی محکمہ جات کی مزید بہتری کیلئے صوبوں سے تعاون بڑھانے کی ہدایت کی۔وزیرِ اعظم نے ملکی سکیورٹی بالخصوص مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے چینی باشندوں کی سکیورٹی کے حوالے سے اجلاسوں کا ہر ماہ خود جائزہ لینے کا فیصلہ کیا۔وزیرِاعظم نے تمام سکیورٹی اداروں کو چینی باشندوں کی سکیورٹی کو فول پروف بنانے کیلئے اقدامات کی بھی ہدایت کی۔وزیرِاعظم نے سکیورٹی ایس او پیز کے باقاعدگی سے آڈٹ کیلئے ایک جامع لائحہ عمل بنانے کی ہدایت کی۔
وزارت داخلہ نے اجلاس میں وزیرِاعظم کو ملکی مجموعی امن و سلامتی کی صورتحال اور وزارت کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی۔اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی، سکیورٹی اداروں کے سربراہان اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔