دہشت گردی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، اپنا اور اپنے دوستوں کا دفاع کرنا جانتے ہیں، وفاق کی تمام اکائیاں ایک پیج پر ہیں، کسی کو پاکستان کے خلاف اپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، عطاءاللہ تارڑ

Federal Minister of Information and Broadcasting Attaullah Tarar
Federal Minister of Information and Broadcasting Attaullah Tarar

اسلام آباد۔27مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بشام میں پیش آنے والا افسوسناک واقعہ پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے، وزیراعظم نے واقعہ کی مکمل تحقیقات کی ہدایت کر دی ہے، دہشت گردی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، اپنا اور اپنے دوستوں کا دفاع کرنا جانتے ہیں، دہشت گردی کے خاتمے کے لئے وفاق کی تمام اکائیاں ایک پیج پر ہیں، کسی کو پاکستان کے خلاف اپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، پاک چین دوستی ان شاءاللہ قائم و دائم رہے گی۔

بدھ کو یہاں پی ٹی وی ہیڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ گزشتہ روز بشام میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، یہ واقعہ پاکستان اور چین کی دوستی کو نقصان پہنچانے کی کوشش تھی۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا آزمودہ دوست ہے، ہر مشکل وقت اور عالمی فورمز پر چین ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہوا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک ملک میں معاشی ترقی کا ضامن ہے، سی پیک کی بدولت ہماری جی ڈی پی میں خاصا اضافہ ہوا، اس سے ملک میں روزگار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ کل کے واقعہ کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے تمام تر مصروفیات ترک کر کے چینی سفارت خانہ کا دورہ کیا اور چینی سفیر سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے چین کے سفیر کو دہشت گردی کے واقعہ کی مکمل تحقیقات کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ حکومت پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم اپنے چینی بھائیوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، ایسے واقعات پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہیں۔ پاک چین دوستی ان شاءاللہ قائم و دائم رہے گی۔ وفاقی وزیر عطاءاللہ تارڑ نے بتایا کہ آج وزیراعظم پاکستان نے سیکورٹی کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں وفاقی وزرا، چیف آف آرمی اسٹاف، چاروں صوبوں کے وزراءاعلیٰ، چیف سیکریٹریز، آئی جیز، گلگت بلتستان کے چیف سیکریٹری اور آئی جی نے بھی شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا گیا اور قوم کو پیغام دیا گیا کہ پاکستان کی سالمیت اور مفاد پر وفاق کی تمام اکائیاں ایک پیج پر ہیں، ہم اپنا اور اپنے دیرینہ دوستوں کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔ اس حوالے سے آج سیکورٹی فورسز کے کردار کو بھی سراہا گیا جنہوں نے گوادر، تربت واقعات میں بہت تگ و دو کر کے قیمتی جانوں کو ضیاع سے بچایا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اجلاس میں اس امر پر بھی گفتگو ہوئی کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے جو حکمت عملی بنائی جائے گی اس کے لئے آپس میں کوآرڈینیشن کا مربوط میکنزم بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں چینی باشندوں کی ہلاکت کے واقعہ کی تحقیقات کے حوالے سے جے آئی ٹی کے قیام پر بھی مشاورت ہوئی۔ اجلاس کے شرکاءکے حوصلے بلند تھے اور سب ایک پیج پر تھے۔ عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ 2013ءمیں جب ہم اقتدار میں آئے تھے تو آئے روز دہشت گردی کے واقعات رونما ہو رہے تھے لیکن 2018ءمیں ہم ایک پرامن پاکستان چھوڑ کر گئے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا واضح پیغام ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چینی قوم اور قیادت کے لئے ہمارے جذبات ہیں، یہ وہ قوم ہے جس نے پاکستان کا ہر محاذ پر ساتھ دیا، ہم ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور ان واقعات کی روک تھام کی یقین دہانی کراتے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کسی کو پاکستان کے خلاف اپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے تمام ہمسائیوں کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں، ہم بات چیت کے ذریعے معاملات کے حل پر یقین رکھتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چینی باشندوں کی سیکورٹی کے حوالے سے ایس او پیز موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چینی باشندوں کی دو کیٹیگریز ہیں ایک سی پیک دوسرے دیگر منصوبوں پر کام کرتے ہیں، دونوں کو سیکورٹی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی، عثمان بزدار اور محمود خان کو نیشنل ایکشن پلان کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس بلانے سے کس نے روکا تھا؟ عمران خان کی حکومت نے اس پر توجہ کیوں نہیں دی۔ ایک اور سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے چین کے لئے جذبات سے پوری قوم واقف ہے، چین کے ساتھ ہمارے تعلقات آج کے نہیں، بلکہ دہائیوں پرانے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ کریں گے، آج کے اجلاس میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور بھی ویڈیو لنک کے ذریعے موجود تھے، انہوں نے بھی تمام تر موقف کی تائید کی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنا کردار ادا کرنے کے حوالے سے اچھے جذبات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر پوری قوم ایک پیج پر ہے، دہشت گردی کا سدباب کیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سیکورٹی جوانوں نے ملک کی خاطر اپنی جانوں کی قربانیاں دیں، انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے گوادر کیلئے سیف سٹی پراجیکٹ کا اعلان کیا تھا، انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان سے کہا ہے کہ وہ اس پر کام شروع کریں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ قومی اسمبلی کا اجلاس یکم اپریل کو شروع ہو رہا ہے، اس میں چینی باشندوں کے افسوسناک واقعہ پر بھی گفتگو ہوگی۔ اپوزیشن سے بھی کہیں گے کہ وہ اس معاملے میں اپنا کردار ادا کرے۔