دیر بالا کے سیاحتی مقامات پر فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، ناقص صفائی اور زائدالمیعاد اشیاء برآمد، بھاری جرمانے عائد

9
Khyber Pakhtunkhwa Food Safety and Halal Food Authority
Khyber Pakhtunkhwa Food Safety and Halal Food Authority

پشاور۔ 17 جون (اے پی پی):صوبائی وزیر خوراک ظاہرشاہ طورو کی خصوصی ہدایات پر خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے دیر بالا کے معروف سیاحتی مقامات تھل اور کمراٹ میں اشیائے خوردونوش کے کاروباروں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ترجمان فوڈ اتھارٹی کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق تھل اور کمراٹ کے علاقے میں معائنے کے دوران متعدد ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور جنرل اسٹورز میں صفائی کی ناقص صورتحال، زائدالمیعاد اشیاء کی موجودگی اور فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پائی گئی، جس پر موقع پر ہی بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔ انسپکشن کے دوران پچیس کلوگرام سے زائد مضر صحت، غیر معیاری اور ممنوعہ خوراک کی اشیاء کو تلف کر دیا گیا جبکہ کاروباری مالکان کو اصلاح کے لیے سخت وارننگز اور نوٹسز جاری کیے گئے۔

ترجمان نے کہا کہ کارروائی کے دوران کئی ہوٹلز اور دکانوں کے ایکسپائرڈ لائسنسز کی تجدید کی گئی جبکہ کئی نئے لائسنس بھی موقع پر جاری کیے گئے تاکہ کاروبار فوڈ سیفٹی کے ضابطوں کے دائرے میں لائے جا سکیں۔سیاحوں نے فوڈ اتھارٹی کے اس بروقت اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے نہ صرف صحت عامہ کا تحفظ یقینی بنتا ہے بلکہ علاقے میں محفوظ سیاحت کے رجحان کو بھی فروغ ملتا ہے۔ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی واصف سعید نے ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ سیاحتی مقامات پر خوراک سے وابستہ کاروباروں کی باقاعدہ نگرانی اور چیکنگ کا عمل مزید مؤثر بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی سیاحوں اور مقامی شہریوں کو محفوظ، معیاری اور حلال خوراک کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔