دین اسلام میں سانحہ جڑانوالہ جیسے واقعات کی کوئی گنجائش نہیں ہے، دینی تعلیمات سے دوری اور کم علمی ایسے واقعات کا بنیادی سبب ہے، نگراں وزیر مذہبی امور انیق احمد

102
مانسہرہ

اسلام آباد۔18اگست (اے پی پی):نگراں وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا ہے کہ دین اسلام میں سانحہ جڑانوالہ جیسے واقعات کی کوئی گنجائش نہیں ہے، تمام مذاہب کے ماننے والوں کے لئے وزارت کے دروازے کھلے ہیں ، اسلام امن کا مذہب ہے، دینی تعلیمات سے دوری اور کم علمی ایسے واقعات کا بنیادی سبب ہے۔

جمعہ کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ معاشرے میں جہالت ، مذہبی منافرت اور شدت پسندی کے خاتمے کیلئے تمام طبقات کو مل کر کام کرنا ہو گا، جڑانوالہ واقعہ سے پاکستان کی بدنامی ہوئی ہے، یہاں بسنے والی تمام اقلیتیں ریاست کی ذمہ داری ہیں، عوام اپنی صفوں میں انتشار پھیلانے والے عناصر کو بے نقاب کریں۔

انہوں نے کہا کہ جڑانوالہ سانحہ پاکستان میں موجود مذہبی ہم آہنگی کی فضا کو متاثر نہیں کرے گا، ریاست پاکستان معاشرے کے امن کو متاثر کرنے والے عناصر سے سختی سے نمٹے گی، تمام مذاہب کے زعماء بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے مل کر کام کریں، وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے دروازے تمام مذاہب کے ماننے والوں کیلئے کھلے ہوئے ہیں۔