لاہور۔3مئی (اے پی پی):وزیر ہائوسنگ،اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ بلال یاسین نے کہا ہے کہ 3 مئی صحافت کی آزادی اور صحافیوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے، ریاست کے چوتھے ستون کی مضبوطی اور پائیداری کا انحصار مثبت اور پیشہ ورانہ صحافت ہے۔عالمی یوم صحافت کی مناسبت سے اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ جنگ ہو یا امن، صحافی شب و روز پیشہ ورانہ امور کی انجام دہی میں مصروف رہتے ہیں، پاکستان مسلم لیگ ن نے ہمیشہ صحافی برادری کی قربانیوں اور حقوق کے تحفظ کا خیال رکھا ہے۔
بلال یاسین نے کہا کہ ذمہ دارانہ آزادی صحافت ہی جمہوری معاشروں کی بنیاد ہے، سوشل میڈیا پر معلومات کی رسائی نے صحافت کو ایک نئے دور اور امتحان سے روشناس کروایا ہے، دور حاضر میں معلومات کے انبار میں جعلی خبروں کے خطرات بھی بڑھ چکے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے فنڈز اور پلاٹس کی شفاف تقسیم کا عمل جاری رہے گا۔