اسلام آباد۔28مئی (اے پی پی):پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن اور بھارتی جیل میں بند کشمیری حریت رہنما محمد یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ یوم تکبیر کو پاکستان کی عظمت، خود انحصاری اور دفاعی خودمختاری کا دن ہے۔
یوم تکبیر پر بدھ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ 28 مئی 1998 ایک تاریخی سنگ میل کا دن تھا جب پاکستان نے اپنی آزادی اور وقار کا دفاع کیا۔مشعال حسین ملک نے پاکستان کی ایٹمی صلاحیت کو اس کی ناقابل تسخیر دفاعی قوت سے منسوب کرتے ہوئے کہا کہ اس نے پاکستانیوں اور کشمیریوں کو ہمت اور اعتماد دیا ہے۔
انہوں نے پاکستانی افواج کی تعریف کرتے ہوئے انہیں دشمنوں کے خلاف فولادی دیوار قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص ،یوم تکبیر کے نظر یہ کا تسلسل ہے ۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ بھارت کی اشتعال انگیزیوں کے باوجود پاکستان نے ہمیشہ امن کو ترجیح دی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی امن کی خواہش کمزوری کی علامت نہیں بلکہ ایک مہذب ریاست کی عکاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک ذمہ دار ایٹمی طاقت کے طور پر پاکستان نے خطہ میں توازن برقرار رکھا ہے۔مشعال حسین ملک نے کہا کہ مخلص قیادت کے ساتھ متحد قوم کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں جھکا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ سبز ہلالی پرچم دنیا کے سامنے پاکستان کی خودمختاری کا نشان ہے جو قوم کی طاقت اور لچک کی علامت بھی ہے۔