
اسلام آباد ۔ 13 مارچ (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز ذوالفقار بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے، ہمیں اب امید کا دامن تھامنا ہوگا اور ملک میں کرپشن کو روکنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو لیڈرز ان اسلام آباد بزنس سمٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہاکہ قائداعظم کے بعد عمران خان ہی ایک لیڈر ہیں جو صادق امین کے طور پر سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں اب امید کا دامن تھامنا ہوگا اور ملک میں کرپشن کو روکنا ہوگا۔ ہمیں اداروں میں شفافیت لانی ہے اور میرٹ کے کلچر کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن معیشت کے علاوہ معاشرے کے لیے بھی خراب ہے۔ ہمیں سمجھنا ہوگا کہ کرپشن ہمارے معاشرے کو کھوکھلا کر رہی ہے۔ ہمیں اداروں میں اصلاحات لانی پڑیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے نے اوورسیز پاکستانیوں کو موقع دیا ہے کہ وہ ملک کے لیے کام کریں، ہم ڈیجیٹل بینک بنا رہے ہیں جہاں سے لوگ قانونی طریقے سے رقوم کی منتقلی کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کا شکایت پورٹل پاکستان کے نوجوانوں نے بنایا ہے۔ ہمارے پاس بے پناہ ٹیلنٹ ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم سیاحت میں دنیا کی توجہ پاکستان کی طرف لارہے ہیں۔ انفرا سٹرکچر پر توجہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سوئٹزرلینڈ سے بھی اچھا ہے۔ وزیراعظم وہ کر کے دکھائیں گے جو پہلے کسی نے سوچا بھی نہیں۔ اس موقع پر نٹ شل کے سی ای او محمد اظفر احسن، مارٹن ڈوکے چیئرمین ایم علی آکائے، سی این این بزنس ایمرجنگ مارکیٹس ایڈیٹر جون ڈیفٹوریئرز، کنسائی پینٹس کے چیئرمین آغا ظفر عباس نے بھی خطاب کیا۔