ذیابیطس کے غیر تشخیص شدہ اور کم عمر مریضوں میں تشویشناک اضافہ، پیما کا فوری حکومتی اقدامات کا مطالبہ

113
World Diabetes Day
World Diabetes Day

اسلام آباد۔14نومبر (اے پی پی):پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) کے تحت عالمی یوم ذیابیطس پر ملک بھر میں آگاہی پروگرامات کا انعقاد کیا گیا جن میں طبی ماہرین نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ ورزش کو اپنا معمول بنائیں، مرغن غذائوں سے پرہیز کریں اور صحت مند طرز زندگی اختیار کریں۔

پیما کے تحت نیشنل پریس کلب میں منعقدہ سکریننگ کیمپ میں ذیابیطس کے 10 فیصد نئے مریض سامنے آئے جو اپنی بیماری سے لاعلم تھے۔ پیما مرکزی صدر پروفیسر عاطف حفیظ صدیقی نے کہا کہ پاکستان میں ذیابیطس کے مریض 36 لاکھ ہو چکے ہیں جن میں سے ایک چوتھائی لوگ اپنے مرض سے لاعلم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب ذیابیطس کا پتہ نہیں چلتا ہے یا مناسب طریقے سے علاج نہیں کیا جاتا ہے تو ذیابیطس کے شکار افراد کو سنگین اور جان لیوا پیچیدگیوں کا خطرہ ہوتا ہے، جن میں دل کا دورہ، فالج، گردے کی خرابی، اندھا پن اور اعضاء کی خرابی شامل ہے۔

پیما صدر نے کہا کہ تشویشناک امر یہ ہے کہ پاکستان میں ذیابیطس کے نئے مریضوں کی عمر پچیس سے تیس سال کے درمیان ہے جس کی بنیادی وجہ جسمانی سرگرمیوں کا نہ ہونا، مرغن غذائوں کا استعمال اور انرجی ڈرنکس کا استعمال ہے۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملک بھر میں ذیابیطس کی مفت سکریننگ کی سہولت فراہم کی جائے، ذیابیطس کی ادویات کی قیمتوں میں کمی کی جائے، انرجی ڈرنکس اور سافٹ کی تشہیر اور درآمد پر پابندی اور ان پر ٹیکس میں اضافہ کیا جائے اور شہریوں کو کھیل اور ورزش کی معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔