بیروت۔14اکتوبر (اے پی پی):لبنان میں رائٹرز کا صحافی عصام عبداللہ اسرائیل کی جانب سے میزائل فائر میں مارا گیا ہے ۔برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ عصام عبداللہ لبنان میں براڈکاسٹروں کو لائیو ویڈیو سگنل فراہم کرتے ہوئے اسرائیلی میزائل کے حملے میں مارا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم مزید معلومات کے حصول کے لیے مقامی حکام کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور عصام کے خاندان اور ساتھیوں کی مدد کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس واقعے میں رائٹرز کے دو دیگر صحافی، طائر السودانی اور مہر نازہ زخمی ہوئے ہیں جن کو ابتدائی طبعی امداد کے بعد ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے۔
لبنان کے وزیر اعظم نجیب میقاتی اور حزب اللہ کے ایک سیاستدان نے اس واقعے کا الزام اسرائیل پر عائد کیا۔واضح رہے کہ مقتول صحافی کی والدہ فاطمہ کانسو نے اپنے بیٹے کی موت کا ذمہ دار اسرائیل کو ٹھہراتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل نے جان بوجھ کر میرے بیٹے کو قتل کیا جہاں اسرائیلی حملہ ہوا وہاں سب لوگ صحافیوں کی مخصوص جیکٹ پہنے ہوئے تھے جس پر لفظ پریس واضح نظر آ رہا تھا۔