اسلام آباد ۔ 22 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان ‘ سابق وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید‘ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن چوہدری محمد سعید سمیت دیگر سیاسی رہنماﺅں نے وزیراعظم محمد نواز شریف کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کا انتہائی خیر مقدم کیا۔ انہوں نے وزیراعظم کے خطاب کو تاریخی اور جموں و کشمیر کے عوام کی خواہشات کا عکاس قرار دیا۔ جمعرات کو ٹیلی فون پر ”اے پی پی“ سے بات چیت کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کا جنرل اسمبلی سے خطاب وقت کی ضرورت تھی جس میں انہوں نے کشمیر ایشو کے جلد حل کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا خطاب متوازن تھا جس میں تمام قومی اور بین الاقوامی مسائل کا احاطہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کافی عرصے کے بعد پاکستان کے کسی اعلیٰ رہنما نے جنرل اسمبلی میں کشمیر کا ایشو اٹھایا۔ وزیراعظم نواز شریف نے قوم کی توقعات کے مطابق خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا یہ واضح موقف ہے کہ کشمیر کے مسئلے کے حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔