راولپنڈی۔23جولائی (اے پی پی):راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے)نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ راولپنڈی کی کسی بھی ہاؤسنگ سکیم میں خریداری سے پہلے آرڈی اے انتظامیہ سے قانونی حیثیت کو مدنظر رکھیں تاکہ مالی نقصان سے بچ سکیں۔
آرڈی اے کے ترجمان کے مطابق راولپنڈی میں ہاؤسنگ سکیموں سے پلاٹ خریدنے سے پہلے متعلقہ ہاؤسنگ سکیم کی قانونی حیثیت کو چیک کیا جائے کہ سکیم منظورشدہ ہے کہ نہیں، پلاٹ مذکورہ منظور شدہ لے آؤٹ پلان کاحصہ ہے کہ نہیں، عوام کو چاہیے کہ اس بات کی تصدیق کر لیں کہ زمین کی قیمت ترقیاتی اخراجات اور دیگر ملا کر پلاٹ کی کل قیمت کتنی ہے تا کہ کوئی مخفی رقم باقی نہ ہو اور اس میں سکول، کالج، پارک، ہسپتال اور قبرستان کے لئے زمین مختص ہے کہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں 71 سکیمیں منظور شدہ ہیں،74سکیمیں زیر کاروائی جبکہ 359سکیمیں غیر قانونی ہیں،آر ڈی اے غیر قانونی سکیموں کے خلاف قانونی کاروائی کے ساتھ ساتھ منظورشدہ اور زیر کاروائی سکیموں کو بھی تواتر کے ساتھ مانیٹر کر تی ہے۔ آر ڈی اے کا کہنا ہے کہ 560لیگل نوٹسزاور 218سکیموں کے خلاف چالان کر کے مجسٹریٹ کی عدالت میں بھیجے گئے ہیں جبکہ 221سکیموں کے خلاف مقدمات بھی درج کرائے گئے ہیں،
آر ڈی اے نے متعدد سکیموں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کرتے ہوئے 184سکیموں کے دفاتر سیل کرنے ساتھ ساتھ 200سکیموں میں جاری غیرقانونی ترقیاتی کاموں، دفاتر، فرنٹ گیٹس وغیرہ کو مسمار کیا ہے۔