راولپنڈی ،اسلام آباد کے شہریوں کے لئے میٹروبس سروس بدھ سے بحال، کوویڈ 19 کے باعث میٹرو بس سروس آپریشن 4مہینے معطل کیا گیا تھا

اسلام آباد۔ رپورٹ ،خرم شہزاد
پنجاب بھر کے دیگر اضلاع کی طرح راولپنڈی اسلام آباد کے درمیان چلنے والی “میٹرو بس سروس” بدھ سے بحال ہوجائے گی، جڑواں شہروں کے درمیان یومیہ تین لاکھ سے زائد مسافر سفر کرتے ہیں ، شہریوں کو دوران سفر ماسک کے استعمال اور سٹیشنوں پر نصب سینیٹائزر کے استعمال اور سماجی فاصلے کے لئے خصوصی اقدامات اٹھائے گئے ہیں ، بس سروس کو کرایہ 30روپے ہی ہوگا ،سیٹوں کے درمیان کھڑے ہونے والے مسافروں کے مابین بھی فاصلہ یقینی بنایا جائے گا ۔میٹرو بس سروس راولپنڈی کی منیجر آپریشن شمائلہ محسن نے “اے پی پی” سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے کوویڈ 19کے عدم پھیلاﺅ کے لئے پبلک ٹرانسپورٹ کے لئے بنائے گئے تمام ایس او پیز میٹروبس میں بھی لاگو ہونگے ، میٹرو بس سروس آپریشن بدھ سے باقاعدہ بحال کیا جارہا ہے ۔ میٹرو بس میں سفر کرنے والوں سے اپیل ہے کہ وہ میٹروسٹیشن پر داخل ہونے سے قبل ماسک کا استعمال کریں اور میٹروسٹیشن پر نصب سینیٹائزر کو استعمال کرتے ہوئے اپنے ہاتھوں کو سینٹائز کرنے کے بعد ٹکٹ کے حصول کے سے لیکر سفر تک تمام عمل کے دوران سماجی فاصلے کا خود خیال رکھیں ۔ انہوں نے بتایا کہ سٹیشن کے اوپر بھی سماجی فاصلے کے واضح نشانات لگا دیئے گئے ہیں ۔ میٹروبس اتھارٹی راولپنڈی کی منیجر آپریشن نے بتایا کہ میٹرو بس رات 10بجے تک بغیر کسی تعطل کے چلتی رہے گی، شہری کسی بھی ہدایت یا راہنمائی کے لئے میٹروبس سروس ہیلپ لائن سے رجوع کرسکتے ہیں ۔