راولپنڈی سمیت پنجاب بھر کے شعبہ تعلیم کے متعلقہ افسران کو ترک زبان کے پروگرام سے متعلق آگاہی یقینی بنانے کی ہدایت

محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے تمام متعلقہ افسران اور ماہرینِ تعلیم کے لیے ترک زبان پروگرام (KATIP) کے حوالے سے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پروگرام سے متعلق معلومات اور ہدایات تمام ماتحت دفاتر تک بروقت پہنچائی جائیں اور ان پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے

راولپنڈی۔10جولائی (اے پی پی):محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے تمام متعلقہ افسران اور ماہرینِ تعلیم کے لیے ترک زبان پروگرام (KATIP) کے حوالے سے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پروگرام سے متعلق معلومات اور ہدایات تمام ماتحت دفاتر تک بروقت پہنچائی جائیں اور ان پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔شعبہ تعلیم کی جانب سے جاری ہدایات کے مطابق ڈویژنل ڈائریکٹرز (ایلیمنٹری ایجوکیشن) اور چیف ایگزیکٹو افسران، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے دائرہ اختیار میں موجود تعلیمی اداروں اور متعلقہ افسران کو ترک زبان پروگرام سے آگاہ کریں تاکہ اہل امیدوار اس موقع سے بھرپور استفادہ کر سکیں۔ترک زبان پروگرام کا مقصد تعلیمی شعبے سے وابستہ افسران اور ماہرینِ تعلیم کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ، ترک زبان سے واقفیت اور پاکستان و ترکیہ کے درمیان تعلیمی و ثقافتی روابط کو مزید مستحکم بنانا ہے۔ اس پروگرام کے ذریعے شرکا کو بین الاقوامی تعلیمی ماحول، علمی تبادلوں اور پیشہ ورانہ تجربات سے استفادہ کرنے کا موقع بھی میسر آئے گا۔محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اس سلسلے میں جاری کی گئی ہدایات پر بروقت اور موثر انداز میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ پروگرام کے مطلوبہ اہداف حاصل کیے جا سکیں۔