راولپنڈی کے علاقے صادق آباد میں ماموں زاد کے قتل میں ملوث ملزم گرفتار

راولپنڈی کے علاقے صادق آباد پولیس نے تین روز قبل لین دین کے تنازع پر ماموں زاد کو چھریوں کے وار کرکے قتل کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق مقتول ملزم کی دکان پر ملازم تھا اور اجرت کی رقم کا مطالبہ کرنے پر دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی

راولپنڈی۔10جولائی (اے پی پی):راولپنڈی کے علاقے صادق آباد پولیس نے تین روز قبل لین دین کے تنازع پر ماموں زاد کو چھریوں کے وار کرکے قتل کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق مقتول ملزم کی دکان پر ملازم تھا اور اجرت کی رقم کا مطالبہ کرنے پر دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی، جس پر ملزم نے طیش میں آ کر چھریوں کے پے درپے وار کرکے اپنے ماموں زاد کو قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔ واقعہ کے بعد صادق آباد پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی۔ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی، ٹیکنیکل ذرائع اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور اس سے اہم انکشافات کی توقع ہے۔ ایس پی راول سعد ارشد نے پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ قتل جیسے سنگین مقدمات میں ملوث ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لانا اولین ترجیح ہے اور ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں چالان کیا جائے گا تاکہ اسے قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے۔