لاہور۔6جنوری (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم کی زیر صدارت راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے سینڈیکیٹ کا اجلاس منعقد ہوا، صوبائی وزیر ڈاکٹر جمال ناصر بھی اس موقع پر موجود تھے۔اجلاس میں یونیورسٹی اور ملحقہ ٹیچنگ ہسپتالوں کے ترقیاتی اور تدریسی امور کی منظوری دی گئی۔
صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے یونیورسٹی کے نئے سال کیلئے ترقیاتی بجٹ کی منظوری دی۔اجلاس میں راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے ملحقہ ہسپتالوں میں شعبہ ایمرجنسی میں سہولیات کی بہتری کے لیے خطیر رقم مختص کی گئی۔سینڈیکیٹ نے بہت سے نئے تدریسی پروگراموں کی بھی منظوری دی جس میں پی ایچ ڈی اور نرسنگ کے ماسٹر پروگرام بھی شامل ہیں۔اس موقع پر صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر محمد عمر کی میڈیکل کی تعلیم، تحقیق اور مریضوں کے علاج کے لئے گراں قدر خدمات کو سراہا اور تعریفی سرٹیفیکیٹ دیا۔