راولپنڈی میں اے ڈی پی/بی ایس گیمز 27 ۔2026 گرلز کرکٹ چیمپئن شپ کا افتتاح

راولپنڈی میں اے ڈی پی/بی ایس گیمز 27 ۔2026 گرلز کرکٹ چیمپئن شپ کا افتتاح

راولپنڈی۔2ستمبر (اے پی پی):تھرڈ ہائر ایجوکیشن پنجاب (اے ڈی پی/بی ایس گیمز 27 ۔2026 )کے سلسلے میں گرلز کرکٹ چیمپئن شپ کا افتتاح گورنمنٹ گریجویٹ وقارالنسا کالج راولپنڈی کے کرکٹ گراؤنڈ میں ہوگیا۔ پارلیمانی سیکریٹری برائے ثقافت و کلچر و رکن پنجاب اسمبلی شازیہ رضوان نے بطور مہمان خصوصی فیتہ کاٹ کر چیمپئن شپ کا باقاعدہ افتتاح کیا جبکہ مختلف ٹیموں نے شاندار مارچ پاسٹ بھی پیش کیا۔افتتاحی تقریب میں ڈائریکٹر کالجز راولپنڈی ڈاکٹر شہناز محسن، ڈی ڈی سی راولپنڈی پروفیسر سجاد حسین، ڈویژنل فوکل پرسن برائے سپورٹس پروفیسر آصفہ ناہید، پرنسپل گورنمنٹ گریجویٹ وقارالنسا کالج ڈاکٹر زاہدہ پروین، پرنسپل سیٹلائٹ ٹاؤن گریجویٹ کالج فار بوائز ڈاکٹر اطہر قسیم، پرنسپل ریلوے روڈ گرلز کالج پروفیسر ڈاکٹر میمونہ، پرنسپل رحمت آباد گرلز کالج پروفیسر ڈاکٹر صبا،

پرنسپل ڈھوک حسو گرلز کالج پروفیسر شازیہ جیلانی، پرنسپل موہن پورہ گرلز کالج پروفیسر صائمہ رشید، پرنسپل حشمت علی اسلامیہ کالج ڈاکٹر راحیل، پرنسپل کہوٹہ گرلز کالج ڈاکٹر رضوانہ، پرنسپل ڈھوک الٰہی بخش کالج عظمیٰ زیدی، پرنسپل ڈھوک کالا خان گرلز کالج ڈاکٹر عائشہ، پروفیسر رضیہ، سابق ڈائریکٹر کالجز پروفیسر شیر احمد ستی، سابق اے ڈی ڈائریکٹوریٹ پروفیسر احمر اور پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان و ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی کرکٹ ایمبیسیڈر ندا ڈار سمیت مختلف کالجز کے پرنسپلز، اساتذہ اور طالبات نے شرکت کی۔

پنجاب کے ڈویژنل سطح پر منعقد ہونے والے ان مقابلوں میں راولپنڈی، لاہور، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، سرگودھا اور فیصل آباد سمیت چھ ڈویژن کی گرلز کرکٹ ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔ افتتاحی تقریب کے دوران کھلاڑیوں اور طالبات کا جوش و خروش دیدنی تھا جبکہ کالج گراؤنڈ میں کھیلوں کے فروغ کے حوالے سے خصوصی ماحول دیکھنے میں آیا۔ڈویژنل فوکل پرسن برائے سپورٹس پروفیسر آصفہ ناہید نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات، ڈائریکٹر سپورٹس پنجاب وقاص اکبر اور ڈائریکٹر کالجز راولپنڈی ڈاکٹر شہناز محسن کی ہدایات اور وژن کے مطابق راولپنڈی میں طلبہ و طالبات کے لیے کھیلوں کی سرگرمیوں کو بھرپور انداز میں فروغ دیا جا رہا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی شازیہ رضوان، ڈائریکٹر کالجز ڈاکٹر شہناز محسن، ڈی ڈی سی پروفیسر سجاد حسین اور دیگر مقررین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ صوبے بھر میں کھیلوں کی سرگرمیوں کی بحالی اور تسلسل کے ساتھ مقابلوں کا انعقاد اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ حکومت پنجاب نوجوان نسل کو تعلیم کے ساتھ کھیلوں کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بالخصوص طالبات کے لیے کھیلوں کے میدان آباد کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ کھیلوں میں خواتین کی بھرپور شرکت نہ صرف ان کی جسمانی صحت اور ذہنی صلاحیتوں میں بہتری لاتی ہے بلکہ ان میں خود اعتمادی، قیادت اور فیصلہ سازی کی صلاحیتیں بھی اجاگر کرتی ہے۔

آج کی طالبہ صرف کتاب اور کلاس روم تک محدود نہیں بلکہ کھیل کے میدان میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکتی ہے۔مقررین نے کہا کہ گرلز کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کے مسلسل انعقاد سے پنجاب کے تعلیمی اداروں سے باصلاحیت خواتین کھلاڑی سامنے آئیں گی جو قومی اور بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کر سکتی ہیں۔ ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی کرکٹ ایمبیسیڈر اور پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ندا ڈار مقابلوں کی نگرانی کے ساتھ ساتھ ابھرتی ہوئی کرکٹ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی بھی کریں گی۔