33.8 C
Islamabad
پیر, مئی 12, 2025
ہومقومی خبریںراولپنڈی میں بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے اور آپریشن "بنیان...

راولپنڈی میں بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے اور آپریشن "بنیان مرصوص” کی شاندار کامیابی پر یوم تشکر منایا گیا

- Advertisement -

راولپنڈی۔11مئی (اے پی پی):پاکستان کی جانب سے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے اور آپریشن "بنیان مرصوص” کی شاندار کامیابی پر ملک بھر کی طرح راولپنڈی میں بھی یوم تشکر بھرپور جوش و جذبہ سے منایا گیا۔ اس سلسلے میں راولپنڈی میں مسلم لیگ (ن) کے زیر اہتمام افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کے لیے "پاکستان زندہ باد” ریلی نکالی گئی جس کی قیادت وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی ، پارلیمانی سیکریٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری اور رکن قومی اسمبلی ملک ابرار نے کی۔

- Advertisement -

ریلی میں مسلم لیگ ن کے مقامی قائدین، کارکنان، وکلاء ، تاجروں ، خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کا آغاز میٹرو بس اسٹاپ صدر، راولپنڈی سے ہوا جس میں شرکاء نے قومی پرچم، افواجِ پاکستان کے حق میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ پاک فوج زندہ باد ، پاکستان زندہ باد ، اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر زندہ باد، کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے جس سے فضا وطن سے محبت کے جذبے سے گونج اٹھی۔ ریلی کے شرکاء نے افواج پاکستان کی ملک کے دفاع میں قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ مقررین نے اپنے خطابات میں افواج پاکستان کے کردار کو سراہا۔ وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ "آپریشن بنیان مرصوص” ہماری عسکری اور سفارتی حکمت عملی کی کامیاب مثال ہے۔

قوم اپنی مسلح افواج کی جرات، قربانی اور پیشہ ورانہ مہارت پر فخر کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن راولپنڈی کے عوام نے وطن کے محافظوں، پاک فوج کے شاہینوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ یہ جذبہ صرف جذباتی نہیں بلکہ قومی فرض ہے، احسان نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب نور خان ایئر بیس پر حملہ ہوا تو لوگ بلا خوف و خطر وہاں پہنچ گئے۔ بھارتی ایسے مواقع پر گھروں میں چھپ جاتے ہیں جبکہ پاکستانی عوام حملے کی جگہ پر پہنچ کر دشمن کو واضح پیغام دیتے ہیں کہ یہ قوم بزدل نہیں۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ آج پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے۔

گھروں کی چھتوں سے فوج کا استقبال ہوا۔ ہر زبان، ہر طبقہ، ایک جذبے کے تحت متحد نظر آیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے دشمن کے سندور کو تندور بنا دیا ہے ۔ ان کی چوکیاں، ایئر بیس تباہ کر دیئے۔ آج پوری قوم وزیر اعظم شہباز شریف، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور شاہینوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے راولپنڈی کے شہریوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہماری ریڈ لائن ہے اور اس کے دفاع کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ بھارتی انتہا پسندی کو افواج پاکستان نے اپنے عزم، دلیری اور شجاعت سے ہمیشہ کے لیے دفن کر دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری مسلح افواج نے ہر میدان میں دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا اور قوم کو تحفظ کا احساس دیا۔ بیرسٹر دانیال چوہدری نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور انہیں اپنی افواج پر مکمل اعتماد ہے۔ ہمیں اپنے بہادر سپاہیوں پر فخر ہے جنہوں نے ہر محاذ پر دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔ پوری قوم ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ رکن قومی اسمبلی ملک ابرار نے پاک فوج کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی انتہا پسندی کو افواج پاکستان نے اپنے عزم، دلیری اور شجاعت سے ہمیشہ کے لیے دفن کر دیا ہے۔

پاک فوج نے ہر محاذ پر دشمن کے ناپاک عزائم کو نہ صرف ناکام بنایا بلکہ پوری قوم کو تحفظ اور اعتماد کا احساس بھی دیا۔ انہوں نے کہا ہماری مسلح افواج نے ملک کے دفاع میں جو قربانیاں دی ہیں، وہ تاریخ کا روشن باب ہیں۔ افواج پاکستان ہر خطرے کے مقابلے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں اور قوم کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔

حب الوطنی سے لبریز ریلی میں مسلم لیگ ن کے مقامی قائدین، پارٹی کارکنان، وکلاء اور تاجروں نے بھی خطاب کیا اور افواج پاکستان کو ملک کی سلامتی اور دفاع میں بھرپور کردار ادا کرنے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ مقررین نے کہا کہ دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کے لیے پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ریلی پر امن ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=595791

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں