راولپنڈی میں لمپی سکن بیماری کا کوئی تصدیق شدہ کیس سامنے نہیں آیا، محکمہ لائیو اسٹاک

محکمہ لائیو اسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ نے واضح کیا ہے کہ راولپنڈی میں اب تک لمپی سکن بیماری (ایل ایس ڈی) کا کوئی سرکاری طور پر تصدیق شدہ کیس رپورٹ نہیں ہوا، تاہم کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے محکمہ ہائی الرٹ ہے اور ویکسین سمیت تمام ضروری انتظامات مکمل رکھے گئے ہیں۔

راولپنڈی۔9جولائی (اے پی پی):محکمہ لائیو اسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ نے واضح کیا ہے کہ راولپنڈی میں اب تک لمپی سکن بیماری (ایل ایس ڈی) کا کوئی سرکاری طور پر تصدیق شدہ کیس رپورٹ نہیں ہوا، تاہم کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے محکمہ ہائی الرٹ ہے اور ویکسین سمیت تمام ضروری انتظامات مکمل رکھے گئے ہیں۔ محکمہ لائیو اسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ کی فوکل پرسن ڈاکٹر مادحہ طارق نے "اے پی پی” کو بتایا کہ خطے میں تاحال بیماری کا کوئی آفیشل کیس سامنے نہیں آیا۔ ان کے مطابق کسی مشتبہ کیس کی اطلاع ملنے پر محکمانہ پروٹوکول کے تحت فوری طور پر موبائل ویٹرنری ٹیمیں موقع پر پہنچ کر نمونے حاصل کرتی ہیں جبکہ وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کے لیے متاثرہ مقام کے گرد 400 جانوروں کے دائرے میں رنگ ویکسینیشن مہم شروع کر دی جاتی ہے۔

ڈاکٹر مادحہ طارق نے کہا کہ محکمہ سال بھر مویشی پال حضرات میں بائیو سیکیورٹی اور بیماریوں سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی مہم چلاتا ہے، جس کے لیے کسان بیٹھکوں، ریڈیو پروگراموں اور پرنٹ میڈیا سے بھی استفادہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مویشی پال حضرات سے اپیل کی کہ اگر کسی جانور میں لمپی سکن بیماری کی علامات ظاہر ہوں تو اسے فوراً دوسرے جانوروں سے الگ کر کے قریبی سرکاری ویٹرنری مرکز یا محکمہ لائیو اسٹاک سے رابطہ کریں تاکہ بروقت تشخیص اور حفاظتی اقدامات کے ذریعے بیماری کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔