راولپنڈی میں ڈینگی کے مزید تین کیسز کی تصدیق، رواں سال تعداد 12 ہوگئی

راولپنڈی میں ڈینگی کے مزید تین کیسز کی تصدیق، رواں سال تعداد 12 ہوگئی

راولپنڈی۔21ستمبر (اے پی پی):راولپنڈی میں ڈینگی کے مزید تین کیسز کی تصدیق ہوگئی جس کے بعد رواں سال ضلع میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 12 تک پہنچ گئی ہے۔ضلعی ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر جواد کے مطابق ہولی فیملی ہسپتال میں سکریننگ کے دوران مزید تین مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی۔ ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ نئے مریضوں کا تعلق گوجر خان، راول ٹائون اور مورگاہ سے ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ستمبر میں اب تک ڈینگی کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد چھ ہوگئی ہے جبکہ جولائی میں چار کیسز رپورٹ ہوئے تھے اور باقی کیسز رواں سال کے ابتدائی مہینوں میں سامنے آئے۔تازہ ترین سرویلنس ڈیٹا کے مطابق 2026ء کے دوران اب تک راولپنڈی ضلع کے مختلف ہسپتالوں اور مراکز صحت میں 4,459 افراد کی ڈینگی کے حوالے سے سکریننگ کی گئی جن میں 4,122 مشتبہ کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 325 افراد میں ڈینگی کی تصدیق نہیں ہوئی، ضلع میں اب تک ڈینگی کے باعث کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی۔

ضلعی انسداد ڈینگی آپریشنز کے تحت مچھر کی افزائش گاہوں کی نگرانی بھی مزید سخت کردی گئی ہے، خصوصاً کنٹونمنٹ کے علاقوں میں لاروا کی افزائش میں اضافے کے باعث سرویلنس سرگرمیاں تیز کی گئی ہیں۔حکام کے مطابق انسداد ڈینگی کارروائیوں کے دوران 1,400 سرویلنس ٹیموں نے 49 لاکھ 30 ہزار سے زائد گھروں کا معائنہ کیا اور مچھروں کے لاروا کی 184,789 افزائش گاہیں تلف کیں۔رپورٹ کے مطابق خلاف ورزیوں پر 2,543 ایف آئی آرز درج کی گئیں جبکہ 652 مقامات سیل اور ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں پر مجموعی طور پر 25 لاکھ 68 ہزار روپے جرمانے عائد کیے گئے۔