راولپنڈی۔ 05 جون (اے پی پی):راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے ڈویژن کے تمام اضلاع کیلئے عید الاضحیٰ کیلئے صفائی آپریشن کے پلان کو حتمی شکل دیدی ہے۔سی ای او راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی راناساجد صفدر نے تمام عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں،تقریباً11687ورکرز عید سے ایک دن قبل سے لیکر تیسر ے دن تک صفائی کے فرائض سرانجام دینگے،عید الاضحیٰ صفائی آپریشن میں 2823گاڑیاں استعمال ہوں گی۔ آر ڈبلیو ایم سی ہیڈکوارٹرآفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سی ای او رانا ساجد صفدر نے کہا کہ راولپنڈی سمیت تمام 6اضلاع میں 73 مستقل اور168موبائل ٹرانسفر سٹیشز قائم کئے جائینگے،شکایات کے اندراج کیلئے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی ہیلپ لائن نمبر1139، کنٹرول روم اورخصوصی موبائل نمبرز 0316-4801718، 0316-4801719،051-9291108مکمل طور پر فعال رہیں گے،22کنٹرول روم میں 54افراد کا عملہ اپنے فرائض سرانجام دے گا۔
راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی طرف سے تقریباً10 لاکھ26ہزاربائیوڈی گریڈ ایبل ویسٹ بیگز اورایک لاکھ سے زائد آگاہی پمفلٹس تقسیم کئے جارہے ہیں،تعفن اور جراثیم کے خاتمے کیلئے 4لاکھ67ہزار5سوکلوگرام چونے کا چھڑکاؤ کیا جائیگا،عید سے ایک رات قبل مشینری اور سینیٹری ورکرز رات 8بجے ہی سے اپنا کام شروع کردینگے، راولپنڈی ڈویژن کی 135 بڑی اجتماعی قربان گاہوں پر 497ورکرزاور206گاڑیاں موجود ہونگی،تنگ گلیوں سے آلائشیں اٹھانے کیلئے ہاتھ ریڑھیاں دستیاب ہونگی،آلائشوں کیلئے بائیو ڈی گریڈ ایبل ویسٹ بیگزکی فراہمی کی جارہی ہے،تمام22 تحصیلوں میں ویسٹ بیگز کی فراہمی،شکایات کے اندراج اورآگاہی کیلئے 45ماڈل اور312یونین کونسل کیمپ قائم کئے جائینگے، تمام ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز اور تحصیلوں میں 12ہزار سے زائدچھوٹے بڑے آگاہی بینرز آویزاں کر دیئے گئے ہیں جن پر ہیلپ لائن اور دیگر نمبرز درج ہیں، سوشل میڈیا اورٹیکسٹ میسیج کے ذریعے آگاہی پیغامات چلائے جارہے ہیں۔
شہر کوزیروویسٹ کرنے کیلئے آج رات سے ہی شہر بھر کی گلیوں،بازاروں،سڑکوں،عید گاہوں،قربان گاہوں اور مساجد کی بھرپو ر صفائی کی جائیگی،عید الاضحیٰ کے دنوں میں شہر بھر میں چونے کا بھاری مقدار میں استعمال کیا جائےگا،کنٹرول روم اورخصوصی موبائل نمبرز عید الاضحیٰ آپریشن کے تمام دنوں میں مکمل طور پر فعال رہیں گے،شکایات کے اندراج پر فوری طور پر انکا ازالہ کیا جائیگا،کنٹرول روم کے ذریعے ہیلپ لائن کی مانیٹرنگ کی جائیگی،17ڈمپ سائٹس پر 24گھنٹے کام جاری رہیگا، آلائشوں کو تلف کرنے کیلئے 34بڑی خندقیں کھودی جائینگی،عید صفائی آپریشن کی تکمیل پران خندقوں کو مٹی سے بھر دیا جائیگا اور چونا پھینکا جائیگا، بدبو اورجراثیم کے خاتمے کیلئے فنائل اور عرق گلاب سے قربان گاہوں،ٹرانسفر سٹیشنزاور کنٹینرز کو دھویا جائیگا، یہ سب مشینری عید کے دنوں چوبیس گھنٹے کام کرینگی۔