راولپنڈی ٹیسٹ، بنگلہ دیشی بیٹرز کی شاندار بیٹنگ ، میچ کے تیسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 316 رنز بنا لیے

142
راولپنڈی ٹیسٹ، بنگلہ دیشی بیٹرز کی شاندار بیٹنگ ، میچ کے تیسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 316 رنز بنا لیے
راولپنڈی ٹیسٹ، بنگلہ دیشی بیٹرز کی شاندار بیٹنگ ، میچ کے تیسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 316 رنز بنا لیے

راولپنڈی۔23اگست (اے پی پی):بنگلہ دیشی بیٹرز نے راولپنڈی ٹیسٹ میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ کے تیسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 316 رنز بنا لیے ، مہمان ٹیم کو پاکستان کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کے لئے مزید 132 رنز درکار ہیں ، شادمان اسلام نے 93 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی ، مومن الحق نے نصف سنچری بنائی ، مشفق الرحیم 55 اور لٹن داس 52 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں ، پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے 2 وکٹیں حاصل کیں ، راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری ٹیسٹ کے تیسرے روز بنگلہ دیش نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 27 رنز بغیر کسی نقصان کے دوبارہ شروع کی تو شادمان اسلام 12 اور ذاکر حسین 11 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے ،

ذاکر حسین گزشتہ روز کے اسکور میں صرف ایک رن کا اضافہ کرنے کے بعد نسیم شاہ کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے ، 53 کے مجموعی اسکور پر بنگلہ دیش کی دوسری وکٹ گر گئی جب کپتان نجم الحسین شانتو کو 16 کے انفرادی اسکور پر خرم شہزاد نے کلین بولڈ کر دیا، اس موقع پر شادمان اسلام اور مومن الحق نے ذمہ داری سے بیٹنگ کی اور 94 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو مشکلات سے نکالا ، مومن الحق 50 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد خرم شہزاد کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے ، اس کے بعد شادمان اسلام اور مشفق الرحیم نے چوتھی وکٹ میں 52 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کا اسکور 199 تک پہنچا دیا

، اس موقع پر محمد علی نے شادمان اسلام کو 93 کے انفرادی اسکور پر کلین بولڈ کر کے پاکستان کو اہم کامیابی دلا دی ، شکیب الحسن بنگلہ دیش کے پانچویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 15 رنز بنا کر صائم ایوب کی گیند پر شان مسعود کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے ، دو وکٹیں جلدی گر جانے کے بعد مشفق الرحیم اور لٹن داس نے پر اعتماد انداز سے بیٹنگ کی اور پاکستانی بائولرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ،

دونوں نے گراؤنڈ کے چاروں طرف خوبصورت سٹروک کھیلے اور 98 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی ، اس طرح بنگلہ دیش نے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر 5 وکٹوں کے نقصان پر 316 رنز بنا لیے اور اسے پاکستان کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کے لئے 132 رنز درکار ہیں ، مشفق الرحیم 55 اور لٹن داس 52 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں ، پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے دو جبکہ نسیم شاہ ، محمد علی اور صائم ایوب نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی ۔