سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا کے احکامات پر شہر کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے راولپنڈی پولیس نے مؤثر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے بڑے منشیات سپلائر سمیت چار منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا اور ان کے قبضے سے 14 کلو 990 گرام چرس برآمد کر لی
راولپنڈی پولیس کا کریک ڈاؤن، چار منشیات سپلائر گرفتار، 14 کلو چرس برآمد

مزید خبریں
راولپنڈی۔16جولائی (اے پی پی):سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا کے احکامات پر شہر کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے راولپنڈی پولیس نے مؤثر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے بڑے منشیات سپلائر سمیت چار منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا اور ان کے قبضے سے 14 کلو 990 گرام چرس برآمد کر لی۔ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق وارث خان پولیس نے کارروائی کے دوران ایک بڑے منشیات سپلائر کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 10 کلو 200 گرام چرس برآمد کی۔ ابتدائی تفتیش میں ملزم نے انکشاف کیا کہ وہ تعلیمی اداروں سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں منشیات سپلائی کرتا رہا ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم اقدام قتل، سرقہ وہیکلز، منشیات اور ناجائز اسلحہ کے مقدمات میں بھی ملوث اور ریکارڈ یافتہ ہے۔اسی دوران کلر سیداں پولیس نے ایک ملزم سے ایک کلو 700 گرام، بنی پولیس نے ایک کلو 590 گرام جبکہ گنجمنڈی پولیس نے ایک ملزم سے ایک کلو 500 گرام چرس برآمد کر کے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے تاکہ منشیات کے نیٹ ورک سے وابستہ دیگر عناصر کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جا سکے۔سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا نے کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات کے ناسور سے محفوظ رکھنے کے لیے شہر بھر میں بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور منشیات فروشی میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔








