حکومت پنجاب نے عوامی امن و امان اور جان و مال کے تحفظ کے پیش نظر راولپنڈی ڈویژن میں 17 ستمبر تک دفعہ 144 نافذ کر دی ہے،
راولپنڈی ڈویژن میں 17 ستمبر تک دفعہ 144 نافذ، عوامی اجتماعات اور اسلحہ کی نمائش پر پابندی

مزید خبریں
راولپنڈی۔15ستمبر (اے پی پی):حکومت پنجاب نے عوامی امن و امان اور جان و مال کے تحفظ کے پیش نظر راولپنڈی ڈویژن میں 17 ستمبر تک دفعہ 144 نافذ کر دی ہے، جس کے تحت عوامی مقامات، شاہراہوں اور کھلی جگہوں پر پانچ یا زائد افراد کے اجتماع، جلوس اور اکٹھ پر پابندی عائد کردی گئی ہے ،عوامی مقامات پر ہر قسم کے ہتھیار لے جانے اور ان کی نمائش بھی ممنوع قرار دی گئی ہے۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق غیر قانونی اجتماعات میں لوگوں کو شرکت کے لیے اکسانے یا ترغیب دینے پر بھی پابندی ہوگی۔ تاہم شادی کی تقریبات، نماز جنازہ، تدفین، مساجد اور دیگر عبادت گاہیں اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔ عدالتیں، حکومتی ادارے اور باضابطہ اجازت سے منعقد ہونے والی تقریبات پر بھی پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔ترجمان کے مطابق ڈیوٹی پر تعینات قانون نافذ کرنے والے اداروں، انٹیلیجنس ایجنسیوں اور سکیورٹی اہلکاروں پر بھی ان پابندیوں کا اطلاق نہیں ہوگا۔عوامی اجتماعات، ریلیوں، جلسوں، دھرنوں، جلوسوں اور مظاہروں میں بڑی تعداد میں لوگوں کی موجودگی کو ممکنہ خطرات کے تناظر میں حساس قرار دیا گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ممکنہ دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے فوری حفاظتی اقدامات میں معاونت کی درخواست کی تھی، جس پر سیکرٹری داخلہ پنجاب نے ضابطہ فوجداری 1898 کی دفعہ 144 (6) کے تحت عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کی۔ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ضروری حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔








